کراچی پولیس کے 964 افسران وجوانوں نے جانوں کے نذرانے پیش کیے

August 03, 2024

کراچی(ثاقب صغیر / اسٹاف رپورٹر )ملک بھر میں4اگست کو یوم شہدائے پولیس منایا جا رہا ہے۔کراچی پولیس نے بھی شہر میں قیام امن کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور پولیس افسران اور اہلکاروں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے اس شہر کے امن و بحال کیا ہے۔یوم شہدا کے حوالے سے کراچی میں بھی مختلف پروگرامات ترتیب دیئے گئے ہیںجس میں شہدائے پولیس کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا اس بار اس دن کو شایان شان طریقے سے منانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق کراچی پولیس کے اب تک 964افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔سائوتھ زون کے 225،ایسٹ زون کے 334، ویسٹ زون کے 199 ،سی آئی اے کے 29 ،کے پی او کے ایک ،ٹریفک پولیس کے 73 اور سیکورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے 103 افسران اور اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔پولیس ریکارڈ کے مطابق فارنرز سیکورٹی سیل کے 6،محافظ فورس کے 9،ایس ایس یو کے 32 ،کورٹ پولیس کے 7،سیکورٹی زون ون کے 14،سیکورٹی زون ٹو کے 35،ڈی آئی جی آفس سی آئی اے کے 3،اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے 7،اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے 13 اور اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ کے 6افسران اور اہلکار شہید ہوئے۔ ریکارڈ کے مطابق ٹریفک پولیس سائوتھ کے 11،ویسٹ کے 18،ایسٹ کے 6،سینٹرل کے 24 اور ٹریفک پولیس ضلع ملیر کے 14افسران اور جوان شہید کیے گئے۔