اسکولز10 فیصد فل فری شپ دیں، ورنہ رجسٹریشن منسوخ اور جرمانہ، رفیعہ جاوید

August 04, 2024

کراچی(نیوز ڈیسک)ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشز سندھ10فیصدمفت اور لازمی تعلیم پر عملدرآمد کے حوالے سے گزشتہ کئی ماہ سے کام کررہا ہے، اس پر مزید مکمل عمل درآمد کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہے، ، موسم گرما کی تعطیلات کے دوران جن اسکولوں میں اسٹاف موجود تھا، اُن سے کمیٹی نے 10 فیصدکا ریکارڈ حاصل کیا اور اسکول کے ریکارڈ سے اس کی جانچ پڑتال کی ،جو درست پایا، سندھ بھر میں یہ عمل جاری ہے، ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ رفیعہ جاوید نے تمام نجی تعلیمی اداروں کو واضح احکامات دیتے ہوئے کہا ہے کہ 10فل فیصدفری شپ پر تمام نجی تعلیمی ادارے من و عن عمل کریں اور تمام ادارے منظور شدہ فیس وصول کریں ، اس کے علاوہ کسی بھی ہیڈ میں کوئی فیس وصول نا کی جائے، کیونکہ کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہے رولز کی خلاف ورزی کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن منسوخ اور رولز کے تحت جرمانے بھی کئے جائیں گے کوئی بھی عذر قابلِ قبول نہ ہوگا۔رفیعہ جاوید نے اسکولز کو یہ انتباہ بھی کیا ہے کہ 14اگست سے قبل اسکولز نہ کھولے جائیں ورنہ سخت ایکشن ہوگا،طلبا کو صرف یوم آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کے سلسلے میں اسکول بلایا جاسکتا ہے، اس لئے کوئی تدریسی عمل 14اگست تک نہ کیا جائے۔ انہوںنے اسکول انتظامیہ کو یہ انتباہ بھی کیا کہ والدین کو اسکول سے کتابیں، کاپیاں، یونیفارم وغیرہ خریدنے پر مجبور نہ کریں اور صرف منظور شدہ فیس وصول کریں۔ یاد رہے کہ 55 اسکولز جو 10فیصد پر عملدرآمد نہیں کررہے تھے اُن کی رجسٹریشن کی تجدید روک دی گئی تھی، اُن میں سے 30 اسکولز نے 10فیصد پر مکمل عمل درآمد کرکے ریکارڈ جمع کرادیا ہے، جبکہ بقیہ 25 اسکولز کی تاحال تجدید نہیں کی گئی ہے اور اُنہیں فائنل نوٹس جاری کردیا گیا ہے اگر اِن اسکولز نے عمل نہیں کیا تو اُن کی درخواست مسترد کردی جائے گی اور متعلقہ امتحانی بورڈ کو بھی آگاہ کردیا جائے گا اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے ذریعے ایسے ادارے سیل کردئیے جائیں گے۔ سندھ میں ریجنل ڈائریکٹرز کے تمام دفاتر اور کراچی میں ہیڈ آفس اس کام کے لئے کوشاں ہے ،تاکہ مستحق اور ذہین طلباء و طالبات کو ہرادارے میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع مل سکیں ،اِس سلسلے میں ایک ہفتہ کے دوران کمیٹیوں کے جمع کردہ ڈیٹا کے مطابق ،داؤد پبلک اسکول میں طلبہ کی کل تعداد 2531 جبکہ 180 بچوں کو فری شپ دی جارہی ہے۔سینٹ مائیکل اسکول کلفٹن میں کل تعداد 3200 جن میں 328 بچوں کو فری شپ دی جارہی ہے۔ایچ بی ملک اسکول فیڈرل بی ایریا میں 795 بچے ہیں، جن میں 146 بچے مکمل فری شپ پر ہیں ۔نیو سینٹ اینڈریو اسکول ڈی ایچ اے کل تعداد 234 اور 7 بچے فری ہیں ۔اسٹڈی ایڈگرامر اسکول میں 327 بچے ہیں ،جن میں 21بچے فری شپ پر ہیں ۔ماما پارسی اسکول مارننگ شفٹ میں 1447 بچے زیر تعلیم ہیں جن میں 53 بچے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ماما پارسی اسکول دوپہر کی شفٹ میں 706 بچے زیر تعلیم ہیں جن میں 22 بچے فری ہیں۔بی ۔ وی ۔ ایس پارسی اسکول میں 1272 بچے زیر تعلیم ہیں جن میں 20 بچے فری ہیں۔سیڈر اسکول میں کل 1323طلبہ زیر تعلیم ہیں جس میں 159طلبہ مکمل فری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ان اسکولوں میں سے جو اسکول 10فیصد سے کم بچوں کو فری شپ دے رہے ہیں، اُن کو خط کے ذریعہ مطلع کیا گیا ہے کہ وہ بقیہ بچوں کو فری شپ دیں اور سات دن میں ریکارڈ جمع کروائیں ۔ تاکہ 10فیصد مکمل ہوسکے بصورت دیگر قانون کے تحت اُن کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔