پولیس نے دہشتگردی کیخلاف جوانمردی سے جنگ لڑی، بلاول بھٹو

August 04, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہداء پولیس کے قومی دن پر اپنے فرائض کی ادائیگی کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ چیئرمین پی پی پی نے اپنے پیغام میں کہا کہ قانون کی حکمرانی اور شہریوں کی حفاظت کیلئے پولیس شہداء کی غیر متزلزل لگن اور بے لوث خدمات انکے عزم کی آئینہ دار ہے، چاروں صوبوں کے پولیس اہلکاروں نے دہشت گردی کیخلاف بھی جوانمردی سے جنگ لڑی ہے اور لازوال قربانیاں دی ہیں۔ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی۔ انہوں نے قربانیاں دے کر عوام کی حفاظت کی ہے اور انصاف و دیانتداری کی اقدار کی پاسداری کی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب ہم اپنے شہید ہیروز کو یاد کرتے ہیں، ہمیں اپنی پولیس فورس کی جاری کاوشوں اور جراَت کی حوصلہ افزائی کرنا چاہیے۔