ملک بھر میں آج یوم شہدائے پولیس منایا جا رہا ہے

August 04, 2024

فائل فوٹو

آج ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں خون کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی یاد میں یوم شہداء منایا جا رہا ہے۔

قصور، جہلم سمیت پنجاب بھر میں پولیس کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کر کے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پولیس کے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں، پولیس افسران اور جوانوں نے ہمیشہ بطور ہراول دستہ جرائم کی سرکوبی کی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یوم شہدائے پولیس پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمام شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، 4 اگست کا دن شہداء کی یاد دلاتا ہے، پولیس شہداء کی لازوال قربانیاں اثاثہ ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

اُنہوں نے کہا کہ شہداء کی تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، حکومت ہر لمحہ شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ ہے اور ساتھ رہے گی، کچے سمیت ہر علاقے میں پولیس قابل قدر فرائض انجام دے رہی ہے، ہر شہید کے خاندان کی دیکھ بھال اور خدمت کا فریضہ پوری طرح نبھائیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ شہداء پر فخر ہے، قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

دوسری جانب پشاور میں شہید پولیس اہلکار میر زمان کے بیٹے کو ایک دن کا ایس پی بنایا گیا۔

شہید اہلکار میر زمان کے بیٹے نے وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات بھی کی۔