شیخ حسینہ واجد کا جھکاؤ بھارت کی طرف ضرورت سے زیادہ تھا، اعزاز چوہدری

August 05, 2024

فائل فوٹو

سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ واجد کا جھکاؤ بھارت کی طرف ضرورت سے زیادہ تھا، بھارت کو بھی اس متعلق فکر ہوگی۔

بنگلادیشی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد کے استعفے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اعزاز چوہدری نے کہا کہ بھارت اگر شیخ حسینہ کو پناہ دیتا ہے تو اس کے بھی اثرات ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حسینہ واجد بھارت کے علاوہ کہاں جائیں گی، بنگلادیش کے ساتھ ہماری نیک خواہشات ہیں۔

سابق سیکریٹری خارجہ کا کہنا ہے کہ حسینہ واجد نے پاکستان اور دیگر ممالک سے رابطے بند کیے تھے۔

اعزاز چوہدری نے کہا کہ حسینہ واجد نے بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کی بہت کوشش کی۔

واضح رہے کہ کوٹہ سسٹم کے خلاف بنگلادیش میں ایک ماہ سے جاری مظاہروں کے بعد وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔