• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلا دیش میں مظاہرے، وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے استعفیٰ دے دیا

بنگلا دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد ـــ فائل فوٹو
بنگلا دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد ـــ فائل فوٹو

کوٹہ سسٹم کے خلاف بنگلا دیش میں ایک ماہ سے جاری مظاہروں کے بعد وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، بنگلا دیش کے آرمی چیف نے وزیر اعظم حسینہ واجد کو مستعفی ہونے کے لیے 45 منٹ کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

دلی میں بنگلادیشی ہائی کمیشن نے شیخ حسینہ کے استعفے کی تصدیق کردی۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بنگلا دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد اور ان کی بہن کو سرکاری رہائش گاہ سے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، شیخ حسینہ واجد نے محفوظ مقام پر منتقلی سے قبل تقریر ریکارڈ کروانے کی کوشش بھی کی لیکن اُنہیں تقریر ریکارڈ کروانے کا موقع نہیں دیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہزاروں لوگ وزیر اعظم حسینہ واجد کی سرکاری رہائش گاہ میں داخل ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش میں کوٹا سسٹم کے خلاف ایک ماہ سے جاری مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 300 ہوگئی۔

ملک بھر میں غیر معینہ مدت کیلئے کرفیو نافذ ہے، ریلوے سروسز غیر معینہ مدت کیلئے معطل اور گارمنٹ فیکٹریاں بھی بند ہیں۔

 حالیہ احتجاج کے دوران دوسری بار حکومت نے ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ سروسز بند کر دیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور واٹس ایپ سروس بھی معطل ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید