ٹوکیو: یوم استحصال کشمیر پر بھارتی سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ

August 05, 2024

فوٹو: جنگ

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے بھارتی سفارتخانے کے سامنے پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔

کشمیر یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام ہونے والے اس مظاہرے میں جاپان بھر سے پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے شرکت کی اور بھارت کے کشمیریوں پر طاقت کے ذریعے قبضہ اور وہاں کے عوام پر ظلم و ستم کے خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرے کی قیادت کشمیر یکجہتی کونسل جاپان کے صدر شاہد مجید ایڈووکیٹ کر رہے تھے جبکہ جاپان کے مختلف شہروں سے آنے والے پاکستانی و کشمیری شہریوں نے شرکت کی۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے شاہد مجید ایڈووکیٹ نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان کا حصہ بننے سے نہیں روک سکتی۔ اس کی اجازت اقوام متحدہ کا قانون دیتا ہے اور اقوام متحدہ کی وہ قراردادیں دیتی ہیں جو 1948ء سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے منظور شدہ ہیں۔

اس موقع پر سینئر مذہبی رہنما علامہ شکیل ثانی نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہمارا قومی فریضہ ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینئر لیگی رہنما الحاج فواد نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت نے ہمیشہ کشمیری بھائیوں کی آزادی کےلیے آواز بلند کی ہے، مستقبل میں بھی کشمیریوں کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھی جائیگی جبکہ سینئر کمیونٹی رہنما عبدالرحمان صدیقی نے کہا کہ جاپان میں جتنے پاکستانی اور کشمیری ہیں سب کو بھارت کے سفارتخانے کے سامنے مظاہرے میں شرکت کرنی چاہیے۔

اسلامک سرکل آف جاپان کے رکن خرم تحسین نے کہا کہ ہماری جاپانی حکومت سے بھی درخواست ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوقی کی بھارتی خلاف ورزیوں کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

مظاہرے میں شرکت کرنے والوں میں سینئر کشمیری رہنما مرزا خلیل بیگ، محمد شاہد علی، خالد محمود، پرنس فیصل، سمیت بڑی تعداد میں کمیونٹی ممبران نے شرکت کی جبکہ مظاہرے کے بعد تمام شرکا سفارتخانہ پاکستان پہنچے جہاں کشمیر کے حوالے سے اہم سیمینار کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کی صدارت سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ کر رہے ہیں۔