بنگلادیش میں مشتعل مظاہرین کی شیخ مجیب کا مجسمہ مسمار کرنے کی کوشش

August 05, 2024

بنگلادیش میں مظاہرے شروع ہونے اور پھر اس میں لوگوں کی ہلاکتوں کے بعد مظاہرین نے اپنا غصہ شیخ حسینہ واجد کے والد شیخ مجیب الرحمان کے مجسمے پر نکال ڈالا۔

سوشل میڈیا پر پُرتشدد مظاہرین کی ایک ایسی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں مظاہرین کو شیخ مجیب کے دیوقامت مجسمے کو مسمار کرنے کی کوشش کرتے دیکھتا جاسکتا ہے۔

بنگلادیش میں جاری بدامنی میں شدت کے ساتھ ہزاروں مظاہرین نے پیر کے روز ڈھاکہ میں وزیر اعظم شیخ حسینہ کی رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا تھا۔

واضح رہے یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے جب یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ شیخ حسینہ نے استعفیٰ دے دیا اور وہ ملک چھوڑ کر فرار ہوگئیں۔

ملک بھر میں نافذ کرفیو کے باوجود مظاہرین ڈھاکا کی سڑکوں پر نکل آئے اور رکاوٹیں ہٹا کر شیخ مجیب الرحمان کے مجسمے کو بھی نقصان پہنچایا۔

واضح رہے کہ بنگلادیش میں کوٹہ سسٹم کے خلاف جاری احتجاج پرتشد مظاہروں اور پھر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی صورت اختیار کرگئے۔

حالیہ جھڑپوں میں 100 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں سے 14 پولیس افسران بھی شامل ہیں جبکہ احتجاج میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 300 سے زیادہ ہے۔