بنگلہ دیش میں طلباء کے احتجاج نے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو مستعفی ہونے پر مجبور کر دیا، شیخ حسینہ واجد مستعفی ہو کر ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھارت چلی گئیں، مظاہرین فتح کے نعرے لگاتے ہوئے وزیراعظم ہاؤس میں داخل ہوگئے۔
ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین وزیراعظم ہاؤس میں داخل ہوئے اور لوٹ مار شروع کردی، جس کے ہاتھ جو لگا وہ اٹھا کر لے گیا۔
اس حوالے سے مختلف ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جن میں مظاہرین کو وزیراعظم ہاؤس میں مچھلی اور بریانی کھاتے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ کچھ لوگ وزیراعظم کے بستر پر آرام کرتے نظر آئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا گیا کہ مظاہرین وزیراعظم ہاؤس کے ڈرائنگ رومز میں داخل ہو گئے اور وہاں سے ٹیلی ویژن، کرسیاں اور دیگر فرنیچر اٹھا کر لے گئے، جبکہ شیخ حسینہ کی رہائش گاہ میں موجود پورٹریٹس کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
بہت سے مظاہرین نے مچھلیاں، بکرے اور بطخیں بھی اٹھالیں، جنہیں وہ اپنے ساتھ لے کر چلتے بنے۔