عالمی بینک 5 سال میں پاکستان کو 8 ارب ڈالرسے زائد قرض دیگا

August 06, 2024

اسلام آباد(این این آئی)ورلڈ بینک مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے آئندہ5برسوں میں پاکستان کو 8ارب70کروڑ ڈالر قرض دے گا۔اقتصادی امورڈویژن کی دستاویز کے مطابق پاکستان میں عالمی بینک کے تعاون سے 58منصوبوں پر کام جاری ہے منصوبوں کی مجموعی لاگت 14ارب 80 کروڑ ڈالر ہے،پاکستان کو اب تک 6ارب 16 کروڑ ڈالر مل چکے ہیں۔ عالمی بینک 2029تک مزید 8ارب 70کروڑ ڈالر قرضہ فراہم کریگا۔ دستاویزات کے مطابق داسو ہائڈرو پاور پراجیکٹ فیز ون کیلئے 1 ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ شامل ہے، داسو ٹرانسمیشن لائن منصوبے کیلئے 70کروڑ ڈالر قرض ملے گا۔ داسو ہائیڈرو پاور اسٹیج ون پراجیکٹ کیلئے 58کروڑ 84لاکھ ڈالر ملیں گے۔ دستاویزات میں بتایا گیا کہ سندھ فلڈ ایمرجنسی بحالی منصوبے کیلئے 50 کروڑ ڈالر فراہم کیئے جائیں گے جبکہ صوبہ سندھ میں ہاوسنگ کے منصوبے کیلئے 50 کروڑ ڈالر ملیں گے۔پختونخوا میں اخراجات اور ترقیاتی منصوبے کے لیے 40کروڑ ڈالر شامل ہیں۔ خیبرپاس اکنامک کوریڈور منصوبے کیلئے 46 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے جبکہ کے پی کے میں ہائیڈرو اور قابل تجدید توانائی کا 45کروڑ ڈالر کا منصوبہ بھی شامل ہے۔اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق اعلی تعلیم کی ترقی کے منصوبے کیلئے 40 کروڑ ڈالر قرضہ ملے گا۔ نیشنل ہیلتھ سپورٹ پراجیکٹ فیز ون کیلئے 25 کروڑ 80 لاکھ ڈالر دیئے جائیں گے۔ ترقیاتی منصوبوں میں پنجاب کے دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی کا 44 کروڑ ڈالر کا منصوبہ، تربیلا فور توسیعی منصوبے کیلئے 39 کروڈ ڈالر فنڈنگ اور کے پی کے میں دیہی علاقوں تک رسائی کا 30 کروڑ ڈالر کا منصوبہ بھی شامل ہیں۔