14 اگست کو بھی عوام کو تہوار منانے کی اجازت نہیں؟ لاہور ہائیکورٹ

August 06, 2024

فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر 14 اگست کو عوامی اجتماع کی اجازت نہ دینے پر پالیسی طلب کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ اور ڈپٹی کمشنر سے کل رپورٹ طلب کر لی۔

پی ٹی آئی کی 14 اگست کو مینار پاکستان گراؤنڈ پر جلسے کی اجازت کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران عدالت نے سوال کیا کہ حکومت کا استحقاق ہے یا پالیسی کہ وہ جلسے جلوس کی اجازت دے یا نہیں دے؟ 14 اگست کو بھی عوام کو تہوار منانے کی اجازت نہیں؟

درخواست گزار کےوکیل نے کہا کہ صرف پی ٹی آئی کو جلسے جلوس کی اجازت نہیں دی جا رہی، ہم یقین دلاتے ہیں کہ پُرامن جلسہ کریں گے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات پر پی ٹی آئی کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، استحکام پاکستان پارٹی اور پیپلز پارٹی کو بھی جلسوں کی اجازت نہیں دی گئی۔