شیخ حسینہ واجد کے شوہر کا پاکستان سے کیا رشتہ ہے؟

August 06, 2024

--- فائل فوٹو

بنگلا دیش کی سابقہ وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی نجی زندگی پر اگر نظر ڈالیں تو معلوم ہوگا کہ انہوں نے1967 میں ایم اے واجد میاں سے شادی کی تھی۔

ان کے دو بچے ، بیٹا سجیب واجد المعروف سجیب واجد جوائے اور ایک بیٹی صائمہ واجد ہیں۔

ایم اے واجد میاں پیشے کے اعتبار سے سائنسداں تھے، جن کا انتقال طویل علالت کے بعد 2009 میں ہوا تھا۔

ایم اے واجد میاں نے جب بطور سائنسدان اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تو انہوں نے 1963 میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) میں ملازمت اختیار کی۔ ابتدائی طور پر کراچی میں اٹامک انرجی ریسرچ سینٹر (اے ای آر سی) میں بھی خدمات انجام دیں۔

بعدازاں انہیں اٹلی میں بین الاقوامی مرکز برائے نظریاتی طبعیات میں ایسوسی ایٹ شپ ملی تو وہ اٹلی چلے گئے لیکن مختصر وقت کے بعد ایک بار پھر 1969 میں پاکستان واپس آکر کراچی میں اٹامک انرجی ریسرچ سینٹر سے منسلک ہوگئے۔

وہ سقوط ڈھاکا سے قبل کراچی نیوکلیئر پلانٹ کے چیف سائنسدان بھی رہ چکے تھے، لیکن ان کی سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ ہونے کے باعث ان کا معاہدہ ختم ہو گیا اور انہیں بنگلا دیش ہجرت کرنا پڑا۔