پاکستانیوں کیلئے ویزا پر کوئی پابندی عائد نہیں: قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی

August 05, 2024

کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کے لیے ویزے پر کوئی پابندی عائد نہیں، دونوں طرف کی بزنس کمیونٹی کے لیے چند دنوں میں نئے پروگرام کا آغاز کریں گے۔

انہوں نے دبئی ، ابو ظہبی سمیت دیگر اماراتی ریاستوں میں پاکستانیوں کو درپیش ویزا مسائل سے متعلق پیغام جاری کیا ہے۔

جاری کردہ پیغام میں انہوں نے اعلان کیا ہے کہ دونوں طرف کی بزنس کمیونٹی کے لیے چند دنوں میں نئے پروگرام کا آغاز کریں گے، جس کے تحت اگر کوئی پاکستانی کاروبار کے لیے یو اے ای جانا چاہتا ہے یا متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں کو پاکستان لانا چاہتا ہے تو انہیں بھرپور سہولیتں فراہم کریں گے۔

ڈاکٹر بخیت عتیق الرمیثی کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ہمارے 50 سال سے زائد عرصے پر محیط مضبوط ثقافتی، مذہبی اور تجارتی تعلقات ہیں، متحدہ عرب امارات پاکستانی بہن بھائیوں کو 100 فیصد سہولیتں فراہم کرتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تاجر برادری، حقیقی ورکرز اور علاج کے لیے جانے والے پاکستانی بھائیوں، بہنوں کو دبئی، ابوظہبی، شارجہ میں تمام سہولیتں فراہم کی جاتی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کراچی کونسل جنرل میں متحدہ عرب امارات جانے والے افراد کو خصوصی آگاہی دی جاتی ہے کہ تمام مسافر ممنوع سامان لے جانے سے گریز کریں اور اپنے سامان کی خود پیکنگ کریں تاکہ ان کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔