برسلز: پاکستانی سفارت خانے میں یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

August 05, 2024

جنگ فوٹو

برسلز میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد سفارت خانے کے احاطے میں کیا گیا۔

بھارتی قبضے میں کشمیریوں کی مسلسل جدوجہد اور انہیں درپیش آنے والے مصائب کا ذکر تقریب میں کیا گیا۔ تقریب کے دوران ممتاز مقررین نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی۔

تقریب کا آغاز صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے پیغامات پڑھ کر کیا گیا، جس میں کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے قوم کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

یہ پیغامات بلترتیب سفیر پاکستان آمنہ بلوچ، ڈپٹی ہیڈ آف مشن سید فراز زیدی اور ورلڈ کسٹم آرگنائزیشن میں پاکستان کے مستقل مندوب اسد رضوی نے پڑھ کر سنائے جبکہ تقریب کے آغاز میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم پیش کی گئی جس میں اس مسئلے کے تاریخی پس منظر کو احسن انداز میں بیان کیا گیا تھا۔

اس موقع پر پاکستان کے سیاسی منظر نامے کی ایک اہم شخصیت مشاہد حسین سید کا ریکارڈ شدہ پیغام بھی چلایا گیا جس میں مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں عالمی برادری کی ذمہ داری پر زور دیا گیا ۔

پاکستان پریس کلب بیلجیئم کے صدر عمران ثاقب اور سفارت خانے کے پریس افسر صغیر انور وٹو نے خطہ کشمیر اور اس کے لوگوں کی جدوجہد کی داستانوں سے سرشار شاعری سنائی جو کشمیریوں کے ساتھ گہری جذباتی یکجہتی کی عکاسی کررہی تھی۔

کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں خاص طور پر 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کے بعد سے شدت اختیار کرنے والے واقعات پر ایک جامع خطاب کیا۔

اس موقع پر یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے یوم استحصال کشمیر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ختم کرنے کے لیے اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی ثابت قدم سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا۔

سفارتخانے میں یوم استحصال کشمیر کی یاد میں ایک ہفتہ طویل تصویری نمائش کا افتتاح کیا گیا، جس میں بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے کشمیریوں کے خلاف ڈھائے جانے والے مظالم کی ایک واضح بصری داستان پیش کی گئی تھی۔

اس تقریب میں پاکستانی بیلجیئم کمیونٹی کے ارکان، پاکستانی طلباء اور سفارتخانے کے اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی، جنہوں نے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور بین الاقوامی سطح پر ان کے حقوق کی وکالت کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب کے اختتام پر آزاد کشمیر کے قومی ترانے کو احترام سے سنا گیا جبکہ شہدائے کشمیر کے لیے دعائے مغفرت اور اس کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والوں کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔