بجلی کے بلوں پر تیس چالیس قسم کے ٹیکس ہیں، منعم ظفر

August 06, 2024

فائل فوٹو

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں پر تیس چالیس قسم کے ٹیکس ہیں، بجلی کے بلوں پر اب میونسپل ٹیکس بھی عائد کیا گیا ہے، جماعت اسلامی اس کا مقدمہ نیپرا میں بھی لڑ رہی ہے۔

کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ آج ہمارے دھرنے کا چوتھا روز ہے، لوگوں کے جوش و خروش میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

منعم ظفر کا کہنا ہے کہ مہنگی بجلی سے قوم پریشان ہے اور شہر میں لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے، حکمرانوں کو مفت بجلی، پیٹرول اور پروٹوکول کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہآئی پی پیز کے معاہدے عوام دشمن ہیں، عوام کو سستی بجلی دی جائے، آئی پی پیز کے معاہدے پر نظرِ ثانی کی جائے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ بچوں کی اسٹیشنری پر بھی ٹیکس لگایا گیا ہے، ہمارے پاس پلان بی اور سی ہے، لاہور میں شاہراہوں پر بھی احتجاج کر سکتے ہیں۔