اولمپکس، پاکستانی جیولین تھرو کے ہیرو ارشد ندیم فائنل راؤنڈ میں

August 07, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستانی جیولین تھرو کے ہیرو ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس گیمز میں میڈل کے لئے قوم کی امید اور خوشیوں میں اضافہ کردیا، وہ اولمپکس گیمز میں میڈل کے لئے پاکستان کی واحد اور آخری امید ہیں، چھ کھلاڑیوں کا سفر خالی ہاتھ ختم ہوچکا ہے، منگل کو جیولین تھرو گروپ بی میں ارشد ندیم نے فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا، جہاں وہ جمعرات کو میڈل کے ایکشن میں ہوں گے،جیولن تھرو کوالیفیکشن راؤنڈ میں ارشد ندیم کو فائنل میں براہ راست جگہ بنانے کے لیے کم از کم 84 میٹر کی تھرو کرنا تھی۔ارشد ندیم نے درخواست کی ہے کہ میں پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتا ہوں، قوم میری کامیابی کے لیے دعا کرے۔ارشد ندیم نے پہلی باری میں 86.59کی تھرو کرکے کوالیفائی کرلیا ، گروپ بی میں ہی شامل بھارت کے نیرج چوپڑا نے پہلی بار میں 89.34میٹر کی تھرو پھینکی جس کے بعد انہوں نے بھی جیولن تھرو کے فائنل راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی۔ ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس میں ارشد ندیم پانچویں پوزیشن پر رہے تھے۔