منظور وسان کی پی ٹی آئی اور ملک کے سیاسی مستقبل سے متعلق بڑی پیش گوئیاں

August 07, 2024

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اور ملک کے سیاسی مستقبل سے متعلق بڑی پیش گوئیاں کر دیں۔

منظور وسان نے کہا کہ ملک میں دو یا ڈھائی ماہ کے دوران کچھ بھی ہوسکتا ہے، اچھے دن نظر نہیں آرہے، مستقبل قریب میں عدلیہ، اداروں اور سیاستدانوں کے درمیان محاذ آرائی بڑھ سکتی ہے، سیاستدانوں کے لیے آنے والے دن اچھے نظر نہیں آرہے۔

اُنہوں نے سیاستدانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاستدان لڑائی کی بجائے جمہوریت کی بقاء کا سوچیں۔

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ سیاستدان خوش فہمی میں نہ رہیں انکے لئے حالات اچھے ہیں، ممکن ہے کہ قومی اسمبلی تحلیل ہوجائے اور کیئر ٹیکر حکومت آ جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ کہیں دوبارہ نہ ملک میں بڑی صفائی ہوجائے، تحریک انصاف اور بانیٔ پی ٹی آئی بند گلی میں پھنس چکے ہیں۔

منظور وسان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی والے عقلمندی سے بند گلی سے نکل سکتے ہیں، ان کو اس حد نہیں جانا چاہیے جہاں واپسی کا راستہ نہ ہو۔

اُنہوں نے کہا کہ عمران خان کو سمجھداری سے کام لینا چاہیے، ان کو نیچے آنا ہی پڑے گا اس لیے وہ سوچ سمجھ کر فیصلے کریں۔

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نے یہ بھی کہا کہ سیاستدان ہیں تو یہ ملک ہے اگر سیاستدان نہیں تو پھر یہ ملک بھی نہیں چل سکے گا۔

اُنہوں نے پیش گوئی کی کہ ہوسکتا ہے کہ آگے چل کر ایسا بھی وقت آئے کہ کوئی اس ملک کا وزیراعظم بننے کو تیار ہی نہ ہو۔