بلاول بھٹواہم اجلاس کیلئے دبئی روانہ

July 23, 2016

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کے اہم اجلاس میں شرکت کے لیے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جمعہ کو دبئی روانہ ہو گئے ۔ جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور دیگر اہم رہنما آج ( ہفتہ ) کو دبئی روانہ ہوں گے ۔ پیپلز پارٹی کے دبئی میں ہونے والے اجلاس کی صدارت پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کریں گے۔ آصف زرداری نے مختلف امور پر قانونی مشاورت کے لیے پیپلز پارٹی کے رہنما فاروق ایچ نائیک کو بھی دبئی طلب کرلیا ہے۔ پیپلز پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ملکی کی سیاسی صورت حال ، پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے مجوزہ عدالتی کمیشن کے ٹی او آرز پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ، آزاد کشمیر کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شکست، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے مشترکہ اپوزیشن کو اعتماد میں لئے بغیر اگست میں حکومت مخالف تحریک چلانے کے اعلان، سندھ میں رینجرز کے قیام کی مدت میں اضافے اور خصوصی اختیارات میں توسیع ، سندھ میں وفاقی اداروں کی مداخلت، سندھ حکومت کے امور سمیت پارٹی کے معاملات جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی اجلاس دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ پارٹی قیادت کی ہدایت کے بعد سندھ میں رینجرز کے قیام کی مدت میں اضافے اور خصوصی اختیارات میں توسیع کے معاملے پر وزیر اعلیٰ نوٹیفکیشن جاری کرنے کے احکامات جاری کریں گے۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری سے جمعہ کو بلاول ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ملاقات کی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے بلاول بھٹو کو امن و امان ،رینجرز کے اختیارات پر ہونیوالی قانونی مشاورت اور کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ رینجرز کے قیام کی مدت اور اختیارات میں توسیع کے حوالے سے تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر یہ معاملہ طے کیا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بعض اختیارات سے تجاوز کی جانے والی کارر وا ئیوں پر وزیراعلیٰ سندھ صوبائی حکومت کے تحفظات سے وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کو بھی آگاہ کریں گے ۔وفاقی حکومت کو یہ باور کرایا جائے گا کہ تمام اداروں کواس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ اپنے اختیارات کی حدود میں رہتے ہوئے کارروائی کریں اور کسی بھی اہم کارروائی سے قبل صوبے کی مجاز اتھارٹی کو آگاہ کیا جائے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز کے قیام اور اختیارات کے معاملے پر پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد قانون کے مطابق نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا ۔دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری نے نامور عوامی سیاستدان معراج محمد خان کے انتقال پر انتہائی غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین اور پیروکاروں سے ہمدردی کا اظہار کیاہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ اور لواحقین کو صبر و جمیل عطا فرمائے۔