ننگر ہار ڈرون حملے میں زخمی کالعدم تنظیم کا کمانڈر منگل باغ ہلاک

July 25, 2016

کابل (این این آئی) افغان صوبے ننگر ہار میں امریکی ڈرون حملے میں بدنام زمانہ عسکریت پسندمنگل باغ ماراگیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل باغ کالعدم شدت پسند تنظیم لشکر اسلام کا سرغنہ تھا اور پاکستان کو متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں مطلوب تھا جبکہ پا کستا نی حکومت نے اس کے سر کی قیمت دو کروڑ روپے مقرر کررکھی تھی۔ذرائع کے مطابق جمعہ کی شب افغان صو بے ننگر ہار کے علاقے خودی خولہ میں امریکی ڈرون حملے میں منگل باغ شدید زخمی ہوگیا تھا جس کے بعد اسے مقامی طور پر ہی طبی امداد دی جارہی تھی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاسکا اور دم توڑگیا۔ طالبان اور انٹیلی جنس ذرائع نے منگل باغ کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے جبکہ لشکر اسلام نے تاحال اپنے سرغنہ کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ۔منگل باغ کا اصل نام حاجی عامر منگل باغ تھا اور وہ خیبر ایجنسی کے علاقے تحصیل باڑہ کے آفریدی قبیلے سے تعلق رکھتا تھا۔منگل باغ پہلے ایک ٹیکسی ڈرائیور تھا لیکن بعد ازاں اس نے اپنا عسکریت پسند گروپ لشکر اسلام کے نام سے تشکیل دے دیا تھا۔ آپریشن ضرب عضب شروع ہونے کے بعد لشکر اسلام میں شامل کارندے افغانستان فرار ہوگئے تھے جبکہ کچھ شدت پسند تاحال خیبر ایجنسی میں موجود ہیں۔