مصطفیٰ کھر کے بیٹے سابق صوبائی وزیر عبدالرحمٰن گرفتار،عدالت سے ضمانت منظور

August 31, 2016

مظفرگڑھ،سنانواں،کوٹ ادو(نمائندہ جنگ،نامہ نگاران)سابق گورنر پنجاب غلام مصطفی کھر کے گھر چھاپہ مار کر پولیس نے ان کے بڑے بیٹے سابق صوبائی وزیر عبدالرحمان کھر کو گرفتار کرلیا،بعدازاں مقامی مجسٹریٹ نے عبد الرحمان کھر کی ضمانت منظور کرلی ۔تفصیلات کیمطا بق پولیس تھانہ کوٹ ادو نے کھرغربی میں سابق گورنر پنجاب غلام مصطفیٰ کھر کی رہائشگاہ پر ان کے بیٹےقتل کے مقدمہ میں اشتہاری ملزم بلال کھر کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا،جہاں اشتہاری ملک بلال مصطفی کھر کو فرارکرانے اور پناہ دینے پر بلال کھر کے بھائی سابق صوبائی وزیر ملک عبدالرحمان کھر کو گرفتارکر لیااور تھانہ سنانواں میں مقدمہ درج کر لیا۔ بعدازاں تھانہ کوٹ اود اور تھانہ سنانواں پولیس نے انہیںعدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے50ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عبد الرحمان کھر کی ضمانت منظور کرلی۔ اس سے قبل بھی بلال کھر کو پناہ دینے کے جرم میں عبد الرحمان کھر کیخلاف تھانہ کوٹ ادو میں بھی مقدمہ درج ہے، واضح رہے کہ بلال کھر پر الزام ہے کہ انھوں نے 2014ء میں امجد نامی شخص کو رقبے کے تنازع پر قتل کردیا تھاجس کا مقدمہ تھانہ کوٹ ادو میں درج کیاگیا اور وہ قتل کے مقدمے میں اشتہاری ہیں۔ملک عبدالرحمن کھر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ پولیس میرے والد کی سیاسی ساکھ کو خراب کرنا چاہتی ہے ، اسی لئے جھوٹا مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا گیا ۔