کشمیری مہاجر خاندانوں کو اراضی الاٹمنٹ فیصلےکے لیے31دسمبر مقرر

September 13, 2016

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)قیام پاکستان کے وقت جموں اور کشمیر سے ہجرت کرکے پاکستان میں بین الاقوامی سرحد سے ملحقہ اضلاع میں آباد ہونے والے کشمیری مہاجرین کو دیہی علاقوں میں متروکہ زرعی اراضی کی الاٹمنٹ اور مالکانہ حقوق کی تفویض کے حوالے سے 493کشمیری مہاجر خاندانوں کے ریفرنسزکی سیٹلمنٹ کے فیصلےکے لیے31دسمبر کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔اس بات کا فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جوایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی زیر صدارت ہوا ۔اجلاس میں متفقہ طور پر یہ سفارش باقاعدہ سمری کی شکل میں وزیر اعلیٰ کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا کہ جن کشمیر ی مہاجر خاندانوں کے ریفرنسز متعلقہ ضلعی حکومتوں کے پاس زیر التوا ہیں ، ان کے منصفانہ تصفیے کے لیے راولپنڈی اور گوجرانوالہ ڈویژن کے کمشنرز کی سر براہی میں دو الگ الگ سب کمیٹیاں تشکیل دی جائیں ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اس توقع کا اظہار کیا کہ دونوں کمیٹیوں کے اراکین اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ریفرنسز دائر کرنے والے 493کشمیری مہاجر خاندانوں کو ہر صورت میں شنوائی کا موقع دیا جائے۔ اور ہر ممکن ذرائع سے انہیں آگاہ کیا جائے کہ 31دسمبر حتمی ’’کٹ آف ڈیٹ ‘‘ مقرر کی گئی ہے جس کے بعد کسی بھی فریق کو نہیں سنا جائے گا اور اس پراسیس کو وائنڈ اپ کر دیا جائے گا ۔