ممبئی حملہ کیس، عدالتی کمیشن آج حملہ میں استعمال ہونیوالی کشتی کا معائنہ کریگا

September 28, 2016

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج سہیل اکرام نے ممبئی حملہ کیس کی سماعت کے دوران ساحل کراچی پر موجود الفوز نامی کشتی کے معائنے کیلئے آج کی تاریخ مقررکردی ہے۔ عدالتی کمیشن آج کراچی میں کشتی کا معائنہ کرے گا، گزشتہ روز عدالت نے دہشتگردوں کو مبینہ طور پر بھارتی پانی تک رسائی دینے والی الفوز نامی کشتی کے معائنے کی تاریخ مقرر کرنے کا حکم سنایا جس کے تحت عدالتی کمیشن آجکشتی کا معائنہ کرے گا، جبکہ کراچی میں موجود مقدمے کے اہم ترین گواہ منیر کا بیان بھی قلمبند کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے ایف آئی اے کی ساحل کراچی پر موجود کشتی کے معائنہ سے متعلق درخواست منظور کی تھی، جس میں موقف اپنایا گیا تھا اتنی بڑی کشتی عدالت میں لانا ممکن نہیں عدالت کمیشن مقرر کرے جو کشتی کا ساحل پر معائنہ کرے، کیونکہ کشتی مقدمے کا اہم شواہد ہے اس کے بغیر ٹرائل آگے بڑھانا ممکن نہیں۔ ممبئی حملہ میں ملوث دہشتگرد مبینہ طور پر اسی کشتی پر سوار ہوکر بھارتی پانیوں تک پہنچے تھے۔