تھانہ بنی گالہ میں درج مقدمے سے علی امین گنڈاپور بری

April 27, 2024

فائل فوٹو

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو تھانہ بنی گالہ میں درج مقدمے سے بری کر دیا۔

سول جج قدرت اللّٰہ نے علی امین گنڈاپور سمیت تمام ملزمان کو بری کیا۔

مدعی مقدمہ عامر زمان اپنے وکیل رضوان اعظم عباسی کے ساتھ عدالت میں پیش ہو کر کہا کہ واقعے میں زخمی ہونے والا شخص ملک سے باہر ہے۔

عدالت نے مدعی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ شخص کی اسکائپ آئی ڈی دیں۔

عدالت نے اسکائپ کے ذریعے فائرنگ کے نتیجے میں زخمی شخص کا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی۔

وکیل مدعی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور ایماء کی حد تک تھے، ان سے صلح ہو چکی ہے، نامزد ملزمان کو بھی معاف کر دیا ہے۔

بیرون ملک ہونے کے باعث متاثرہ شخص محمد ولید کا عدالت نے آن لائن بیان لیا۔

عدالت نے محمد ولید سے استفسار کیا کہ مقدمے میں آپ نے راضی نامہ کر لیا ہے۔

محمد ولید نے کہا کہ میں نے فی سبیل اللّٰہ معاف کر دیا ہے۔