چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ عدالتی کارروائی اپنی جگہ ہے احتجاج سے پیچھے نہیں ہٹوں گا

October 21, 2016

اسلام آباد (نمائندہ جنگ/نیوز ایجنسیاں) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ عدالتی کارروائی اپنی جگہ ہے احتجاج سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، ہماری درخواست برطانوی میگنا کارٹا کی طرح ہے، اب پاکستانی بادشاہ کو قانون کے نیچے آنا ہوگا، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم کیلئے انصاف مانگتے ہیں، مایوس کیا تو جمہوریت، آئین، قانون ہر چیز خطرے سے دوچار ہوجائے گی،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہقوم تیار ہوجائے ، ملک کو بدعنوان حکمرانوں سے نجات دلانے کا وقت آگیا،نواز شریف کو نااہل قرار دے،ان خیالات کا اظہار ان رہنمائوں نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے بادشاہ کو قانون کے نیچے لانے کے لئے آج پہلا قدم اٹھایا ہے‘ میگنا کارٹا میں بادشاہ کو قانون کے تابع بنایا گیا ‘ سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو نوٹس بھیج کر طلب کیا ، اس پر میں خوش ہوں‘ تمام تفتیشی اور تحقیقاتی اداروں کو پانامہ پیپرز سکینڈل پر حرکت میں آنا چاہئے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے بادشاہ کو قانون کے نیچے لے آنے کے لئے آج پہلا قدم اٹھایا ۔ انہوں نے کہا کہ میگنا کارٹا میں بادشاہ کو قانون کے تابع بنایا گیا ۔ سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو طلب کیا اور نوٹس جاری کردیا ۔اس بات پر خوش ہوں۔ جب یہ کیس شروع ہوگا تو وہ چیزیں سامنے آئیں گی جو چھپائی گئی ہیں۔ اگر ہمیں انصاف نہ ملا تو سیاسی جماعتوںکا احتجاج کرنا بنیادی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو خود کو اصولاً پارلیمنٹ کے سامنے پیش کرنا چاہئے تھا لیکن صرف پیشکش کی ۔