فنڈنگ میں کٹوتی کا منصوبہ، ہزاروں ہائی سٹریٹ فارمیسیز کی بندش کا خدشہ

October 23, 2016

لندن( جنگ نیوز) حکومت کی جانب سے فارمیسی فنڈنگ کے نئے منصوبےپر عمل کی صورت میںانگلینڈ میںہائی سٹریٹ کی ہزاروں فارمسیز کی بندش کاخدشہ ہے ،محکمہ صحت کاکہناہے کہ فی الوقت حکومت کی جانب سے فارمسیز کو مجموعی طورپر 2.8بلین پونڈ فراہم کئے جاتے ہیں لیکن اب اس رقم میں 2سال کے اندر 20کرو ڑ پونڈ کٹوتی کامنصوبہ ہے۔ خیال کیاجاتاہے کہ حکومت کی جانب سے اس منصوبے پرعمل کی صورت میں موجودہ 11ہزار 700فارمسیز میں سے کم وبیش3ہزار فارمسیز بندہوجائیں گی۔ این ایچ ایس کی جانب سے فی الوقت ہر فارمیسی کو اوسطاً 2لاکھ 20 ہزار پونڈ فراہم کئے جاتے ہیں اس طرح ہر فارمیسی کو اوسطاً 25 ہزار پونڈ مل جاتے ہیں، جو کہ ان کی اوسط آمدنی کے 80سے 90 فیصدتک کے مساوی ہے۔نئے منصوبے کے تحت یہ طریقہ ختم کردیا جائے گا اوراب ہر فارمیسی کو اس کی کارکردگی کے اعتبار سے رقم ادا کی جائے گی، کیونکہ وزرا سمجھتے ہیں کہ موجودہ سسٹم فرسودہ اور ناکارہ ہوچکاہے۔محکمہ صحت کی جانب سے اس سے قبل جو اعدادوشمار جاری کئے گئے تھے ان کے مطابق گزشتہ12سال کے دوران فارمسیز کی تعداد میں کم وبیش 20 فیصد اضافہ ہواہے۔ کہا جاتاہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران 40 فیصدکمیونٹی فارمسیز کی اس قدر بہتات ہوگئی ہے کہ10 منٹ واک کے فاصلے پر 3-3 بلکہ اس سے بھی زیادہ فامسیز موجود ہیں۔فارمیسی انڈسٹری اس کٹوتی کے خلاف حالیہ مہینوں کے دوران لابنگ کرتی رہی ہیں اور وزرا کو یہ باور کرانے کی کوشش کرتی رہی ہیں کہ فارمسیز کی فنڈنگ میں کٹوتی سے جی پیز اور ہسپتالوں کے ایمرجنسی اور حادثات کے شعبوں پر دبائو میں اضافہ ہوگالیکن وزیر صحت ڈیوڈ مووات نے ان کے اس استدلال سے اتفاق کرنےسے انکار کردیاہے۔