شہادت امام حسینؓ سے صبرو تحمل اور برداشت کا سبق ملتا ہے، علامہ دستگیر گیلانی

October 23, 2016

ہیلی فیکس (نمائندہ جنگ) خطیب مرکزی جامع مسجد غوثیہ علامہ پیر سید دستگیر گیلانی نے کہا ہے کہ شہادت سیدنا امام حسینؓ سے ہمیں صبر تحمل اور برداشت کا سبق ملتا ہے۔ جگر گوشتہ بتولؓ نے اپنی جان کانذرانہ پیش کرکے امت کو وحدت کا درس دیا۔ معرکہ حق و باطل میں حق کی خاطر سینہ سپر ہو گئے ہم حضرت سید امام حسین رضی اللہ عنہ کی عظیم شہادت اور ان کے خانوادہ کی عظیم قربانیوں اور شہادتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہدا کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حضرت سیدنا امام حسین نے اپنی جان حق کی خاطر پیش کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی علامہ سید منور حسین شاہ بخاری نے کہا کہ حضرت سید امام حسینؓ اسلام کی سربلندی اور دین اسلام کی ترویج اور اشاعت کیلئے اپنے خاندان سمیت حق کی راہ میں نکل کھڑے ہوئے اور آخر وقت تک کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں کی اور نہ کوئی قدم اٹھایا بلکہ اسی معرکہ حق و باطل میں ایک عظیم الشان خطبہ ارشاد فرمایا تاکہ وہ لوگ ان کے خون ناحق سے محفوظ رہیں اور ان جانے میں کہیں وہ لوگ خانوادہ رسولؐ کے قتل ناحق کے جرم میںشریک نہ ہو جائیں۔ اپنے خلاف معرکہ میں آئے ہوئے لوگوں کی جان بخشی فرمائی اور یہی وجہ تھی کہ ایک قافلہ حر کی قیادت میں آپ کے ساتھ آملا اور جب میدان کا رزار میں وہ لوگ اتر آئے تو امام حسینؓ میدان کربلا میں باطل کے خلاف حق کی خاطر سینہ سپر ہو گئے۔ کانفرنس میں ہیلی فیکس اور گردونواح سے لوگوںکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔