ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین کو بلا جواز فارغ کرنا ظلم ہے،حافظ نعیم

October 23, 2016

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین کو بلا جواز ایم ڈی اے سے فارغ کرنا سراسر ظلم و زیادتی ہے ،ان ملازمین کو فی الفورایم ڈی اےمیں واپس لیا جائے یا کے ڈی اے میں ان کے موجودہ گریڈ کی بنیاد پر پوسٹنگ دی جائے، ایم ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل اور سکریٹری کی چیف سکریٹری سندھ،سکریٹری لوکل گورنمنٹ اور سپریم کورٹ آف پاکستان کو غلط معلومات فراہم کرنے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ،متاثرہ ملازمین کو چار ماہ کی تنخواہ دی جائیں اور انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل 5ملازمین کا سرکاری خرچ پر علاج کیا جائے ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں ایگزیکٹو انجینئر محمد عارف کی قیادت میں ایم ڈی اے کے متاثرہ ملازمین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں لئیق احمد، محمد زاہد خان ، قمر الظفر اور دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سکریٹری و انچارج پبلک ایڈ کمیٹی سیف الدین ایڈوکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے ۔