نجی کمپنی کے زیراہتمام ’’اسلام آبادشاپنگ فیسٹیول‘‘ 3دسمبرسے شروع ہوگا

October 23, 2016

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پن فلیکس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر محمد عباس نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کا وقار بلند کرنے اور دنیا میں پاکستان کے خلاف پائے جانے والے منفی اثرات و رجحانات کو ختم کرنے کیلئے اسلام آباد شاپنگ فیسٹیول کا انعقاد کر رہے ہیں۔ فیسٹیول کے انعقاد سے پوری دنیا کو ایک پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم ایک پرامن اور بھائی چارے والی قوم ہے۔ مخالفین نے دنیا میں پاکستان کو بدنام کیا ہوا ہے۔ وہ ہفتہ کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد جو اس فیسٹیول کا میڈیا پارٹنر ہے میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کے ہمراہ وقاص انٹرنیشنل کمپنی کے وقار بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد عباس نے بتایا کہ ہم پوری دنیا میں ایسے فیسٹیول منعقد کرتے رہتے ہیں۔ ملائیشیا، دبئی، چین، ترکی، فرانس اور جاپان میں ایسے فیسٹیول منعقد کروا چکے ہیں۔اسلام آباد میں ʼʼاسلام آباد شاپنگ فیسٹیولʼʼ مہربان پاکستان، یس وی آر یونائیٹڈ کے نعرے کے ساتھ پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹر میں فیسٹیول منعقد کر رہے ہیں۔ بعدازاں لاہور، کراچی، فیصل آباد اور پشاور میں بھی ایسے فیسٹیول منعقد کروائیں گے۔ اسلام آباد شاپنگ فیسٹیول کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 3 اور 4 دسمبر کو یہ فیسٹیول پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹر میں ہوگا۔ یہ فیسٹیول اتحاد، ترقی، جذبہ، امید اور تشکر کو فروغ دے گا۔ اس میگا فیسٹیول میں صارفین سے متعلق بڑے برانڈز بہترین ڈسکائونٹس آفر کریں گے۔ ایک لاکھ سے زائد لوگوں کی آمد متوقع ہے۔ فیسٹیول میں آنے والے افراد کو ڈسکائونٹ شاپنگ، میوزیکل کنسرٹ، فیشن شو، مقابلے، یوتھ کانفرنس، لکی ڈرا، مزے دار کھانے اور پیٹ شو سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔ فیسٹیول میں انٹری فری ہوگی۔