واٹربورڈ، بلک اور میٹر ڈویژن کے محصولات کی وصولی غیراطمینان بخش قرار

October 24, 2016

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے بلک اور میٹر ڈویژن کے محصولات کی وصولی کو غیر اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے متعلقہ شعبوں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طورپر کارکردگی کو بہتر بنائیں اور وصولی کے اہداف حاصل کریں ،کچی آبادیوں سمیت دیگر علاقوں میں گھریلو صارفین کو نیٹ ورک پر لانے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں، وہ واٹربورڈ کے سپرنٹنڈنگ افسران کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے ،اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز فہیم اختر زیدی ،ڈی ایم ڈی آر آر جی محمد اسلم خان، اسٹاف آفیسر الہٰی بخش بھٹو اور دیگرموجود تھے ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ ادارے کو مالی طور پر مستحکم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ بلک اور میٹرصارفین سے واجبات اور بلوں کی وصولی کو بہتر بنایا جائے ،بلک صارفین کے لئے لگائے گئے میٹروں کی کارکردگی کا باقائدہ معائنہ کیا جائے ،میٹروں میں اگر خرابی یا ٹمپرنگ پائی جائے تو فوری ضروری کارروائی کی جائے ،انہوں نے بلک اور میٹر صارفین سے واجبات اور بلوں کی وصولی کو غیر تسلی بخش قراردیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فوری طور پر اس جانب توجہ دیں اور ٹیکس وصولی کو بہتر بنایا جائے،اس موقع پر نئے کنکشن کے لئے متعلقہ ایگزیکٹیو انجینئرز کی منظوری اور اکاؤنٹنٹ کی جانب سے چالان جاری کرنے کے پرانے اور کامیاب طریقہ کار کو دوبارہ فعال اور قابل عمل بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔