فرانس: فائرنگ کے واقعے میں دو پولیس افسروں سمیت پانچ افراد زخمی

October 26, 2016

رضا چوہدری... شمالی فرانس میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے دو پولیس افسروں سمیت تین دیگر افراد کو شدید زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس سے سو کلو میٹر دور آمینہ کے قریب دو پولیس افسران مقامی لوگوں سےگفتگو کررہے تھے کہ ایک مسلح شخص اچانک وہاں آگیا اور پولیس افسران اور وہاں موجود تین افراد پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجہ میں پانچوں افراد زخمی ہو گئے، جبکہ فائرنگ کرنے والا شخص موقع سے فرار ہوگیا۔واضح رہے کہ فرانسیسی پولیس گزشتہ ایک ہفتہ سے پولیس پر پٹرول بموں سے کیے جانے والے حملوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پٹرول بم حملے کا واقعہ شتیوں شہر میں پیش آیا تھا جس میں چار پولیس افسران شدید زخمی ہوئے تھے جن میں ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا تھا اور تین ابھی تک ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔