جہانگیر بدر مثبت سوچ کے سیاستدان تھے :پیپلز پارٹی اسپین

November 14, 2016

شفقت علی رضا...پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق جنرل سیکریٹری جہانگیر بدر کی وفات پر پاکستان پیپلز پارٹی اسپین کے کارکنوں، مختلف سیاسی جماعتوں اور شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی پیغام میں پیپلز پارٹی اسپین کے صدر عمر فاروق رانجھا نے کہا ہے کہ جہانگیر بدر مرتے دم تک پیپلز پارٹی سے منسلک رہے، وہ پارٹی کا سرمایہ تھے۔

پیپلز پارٹی اسپین کے آرگنائزر حافظ عبدالرزاق صادق نے کہا ہے کہ جہانگیر بدر کی وفات سے سیاسی دُنیا میں جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کبھی پُر نہیں کیا جا سکتا۔

پی پی پی اسپین کے سابق جنرل سیکریٹری ساجد گوندل نے اپنے بیان میں کہا کہ جہانگیر بدر بھٹو خاندان کے سپاہی اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے بھائی تھے، وہ اپنی پارٹی کے کارکنوں کا خیال اپنے بچوں اور بھائیوں کی طرح رکھتے تھے، ان کی وفات ہمارے لئے بہت بڑا سانحہ ہے۔

مسلم لیگ ن اسپین کے صدر راجو الیگزینڈر نے کہا کہ سیاسی اعتبار سے جہانگیر بدر مثبت سوچ رکھنے والی شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے بھائی چارے اور اپنائیت کی سیاست کو فروغ دیا، میثاق جمہوریت کے قائم ہونے میں ان کا بڑا اہم کردار تھا۔

مسلم لیگ ن اسپین کے نائب صدر عبدالرؤف اور جنرل سیکریٹری ایاز عباسی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جہانگیر بدر مرحوم پیپلز پارٹی پنجاب کی پہچان تھے، ان کی وفات کا دکھ ہے اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہیں۔