چینی شہری گاڑی خریدنے سکوں سے بھرا ٹرک لے کر پہنچ گیا

December 02, 2016

چین میں پیٹرول پمپ پر کام کرنے والے ایک شخص نے چمچماتی گاڑی خریدنے کے لیے لاکھوں سکے جمع کیے اور قیمتی گاڑی خریدنے جا پہنچا۔

لاکھوں یوان مالیت کے سکے گن گن کر اور انہیں سنبھالنے میں شو روم والوں کا سانس پھول گیا، سکوں کو ایک گھنٹے سے زائد وقت میں ٹرک سے شوروم منتقل کیا گیا۔

ضروری نہیں کہ قیمتی گاڑی خریدنے کے لیے بڑے نوٹ ہی ضروری ہوں بلکہ سکوں سے بھی لگژری گاڑی خرید کر اپنا شوق پورا کیا جاسکتا ہے۔

ایسی ہی ایک حیرت انگیز مثال چینی صوبے ہینان کے شہر زینگ زو میں دیکھنے کو ملی جہاں ایک منچلا شخص پک اپ ٹرک میں لدے 57ہزار ڈالرز کے سکے لے کر نئی گاڑی خریدنے کے لئے جا پہنچا۔

تفصیلات کے مطابق سکوں کی گنتی کے لیے شوروم پر ملازمت کرنے والی چار خواتین کی ڈیوٹی لگائی گئی، جنہوں نے 12 گھنٹے صرف کرکے ان سکوں کی گنتی مکمل کی۔

اس موقع پر اس شخص کا کہنا تھا کہ وہ آٹے کی چکی چلاتا ہے اور گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے پاس سکے جمع کررہا ہے، اس لئے وہ رقم کی ادائیگی اپنے پاس جمع شدہ سکوں کی صورت میں ہی کرسکتا ہے۔

کار ڈیلر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ یہ شخص کئی اور ڈیلرز سے بھی گاڑی خریدنے کی کوشش کر چکا تھا لیکن کسی نے بھی لاکھوں سکے قبول کرنے کی ہمت نہ کی، جس کے بعد بالآخر اسی نے فیصلہ کیا کہ وہ اس شخص کو گاڑی بیچے گا۔