علاج کی آڑ میں موت باٹنے والوں کو نشان عبرت بنانیکاحکم

December 03, 2016

فیصل آباد( خصوصی رپورٹر ،نامہ نگار خصوصی)ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے بغیر ڈرگ لائسنس اور خلاف ضابطہ ادویات فروخت کرنے والے 11 میڈیکل سٹورز اور عطائیوں کے خلاف کیسز ڈرگ کورٹ بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس امر کا فیصلہ ڈی او (سی) میاں آفتاب احمد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا ۔صدر اجلاس نے محکمہ صحت کے افسران سے کہا کہ جعلی و غیر معیاری،زائد المعیاد ادویات کی فروخت کے منفی رجحان کے انسداد کیلئے قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں اور علاج کی آڑ میں موت باٹنے والوں کو نشان عبرت بنادیں۔ عطائیوں اور جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف درج مقدمات کی موثر پیروی ہونی چاہئے ۔انہوں نے عطائیت کے خاتمے اور جعلی ادویات کی تیاری و فروخت کے ٹھکانوں کے سدباب کیلئے سول سائٹی سے معاونت حاصل کرنے پر بھی زور دیا۔مجموعی طور پر 15 کیسز کی سماعت کی گئی اور دو میڈیکل سٹورز کو وارننگ اورمتعلقہ دستاویزات پیش کرنے کیلئے دو کیسز کو موخر کردیا گیا۔