پی پی کے انحطاط کیوجہ:این آر او ،قیادت و کارکردگی کا فقدان ، تجزیہ کار

December 03, 2016

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے پاس قیادت، آئیڈیاز اور کارکردگی اور قیادت کا فقدان ہے ، آصف زرداری کی سیاست نے پیپلز پارٹی کو اس مقام تک پہنچایا ہے، پیپلز پارٹی کا انحطاط این آر اوسے شروع ہوگیا تھا، نواز شریف کی ٹرمپ سے منسوب گفتگو کو سنجیدہ نہ لیا جائے ، ٹرمپ کی گفتگوجاری کر کے ہم نے ڈپلومیٹک خودکشی کی ہےوزیراعظم ہاؤس کے ترجمان نے جو حرکت کی اسے امریکیوں نے بہت سنجیدہ لے لیا ہے، مستقبل میں پاک امریکا تعلقات میں شدید نقصان اٹھانا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، سلیم صافی، امجد شعیب، بابر ستار، شہزاد چوہدری اور حفیظ اللہ نیازی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پہلے سوال تمام تر کوششوں کے باوجود پیپلز پارٹی پنجاب میں قدم جمانے میں ناکام! وجہ کیا ہے؟کا جواب دیتے ہوئے مظہر عباس نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد کی سیاست نے اسے سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے، بینظیر بھٹو کے بعد پیپلز پارٹی کی سیاست جمود کا شکار ہوگئی ہے، 1986ء کے بعد سے پنجاب پیپلز پارٹی کیلئے کمزورجگہ رہی ہے، پیپلز پارٹی ابھی بھی سیاسی مقابلہ سے باہر نہیں ہوئی ہے، پیپلز پارٹی کو اصل مسئلہ تحریک انصاف سے ہے، پیپلز پارٹی کا ووٹر الگ ہو کر پی ٹی آئی کی طرف چلا گیا ہے،بلاول بھٹو پنجاب میں اچھے چہرے سامنے لے کر آئے ہیں۔شہزاد چوہدری کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کے بعد پیپلز پارٹی کو قیادت کے سنگین بحران کا سامنا ہے، آصف زرداری کے نیچے پارٹی نیچے گئی اور بہت سے لوگ ساتھ چھوڑ گئے، بلاول بھٹو کو پیپلز پارٹی کے پیغام کو مالیاتی نظام کے حساب سے دوبارہ ترتیب دینا ہوگا۔سلیم صافی نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں بہت زیادہ کمزور ہوئی مگر ختم نہیں ہوئی ہے، آصف زرداری کی سیاست نے پیپلز پارٹی کو اس مقام تک پہنچایا ہے، پیپلز پارٹی کے پاس پنجاب میں قدم جمانے کا اب بھی وقت ہے، پیپلز پارٹی کیلئے اس وقت میدان بہت سازگار ہے، پاکستان میں صرف پیپلز پارٹی ہی قومی جماعت کی تعریف پر پوری اترتی ہے، پیپلز پارٹی دہشتگردی کیخلاف سب سے زیادہ واضح موقف رکھتی ہے، اسٹیبلشمنٹ مستقبل میں پیپلز پارٹی کی طرف آنے پر مجبور ہوسکتی ہے۔