دولت مشترکہ کیلئے برطانوی سفیر کی پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقات

December 04, 2016

لندن( جنگ نیوز) دولت مشترکہ کیلئے برطانیہ کے نئے سفیر ٹیم کول نے گزشتہ روز برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس سے ملاقات کی ،اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر نے انھیں ان کے تقرر پر مبارکباد دی اوران کے ساتھ بھرپور تعاون او ر فرائض کی انجام دہی میں ممکنہ مدد اورمعاونت کایقین دلایا،انھوں نے کہا کہ دولت مشترکہ کے بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان دولت مشترکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کوخصوصی اہمیت دیتا ہے۔انھوں نےدولت مشترکہ کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے اور اس کے بنیادی مقاصد اور اقدار کو فروغ دینے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کااعادہ کیا، اس موقع پر دونوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ اس میں ضروری اصلاحات کے ذریعہ اسے مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ تبادلہ خیالات کے دوران بریگزٹ کے بعد دولت مشترکہ کے مستقبل کے کردار پر بھی غور کیاگیا ،مذاکرات کے دوران اس تنظیم کو رکن ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کا محور بنانے کے طریقہ کارپر بھی غور کیاگیا ۔اس موقع پر پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے معاملات بھی زیر غور آئےدونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تنظیم کے رکن ممالک سماجی واقتصادی شعبوں کے علاوہ تجارت اور ترقی کے شعبوں میں بھی مفید تعاون کرسکتے ہیں۔پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس نے اس موقع پر 2018میں برطانیہ کی جانب دولت مشترکہ ممالک کے سربراہان مملکت اور حکومت کی کانفرنس کے انعقاد کی تجویز کی تعریف کی اور کہاکہ پاکستان اس میں شرکت کا منتظر ہے۔دونوں نے دولت مشترکہ کے مقاصد کے حصول اور تکمیل کیلئے قریبی تعاون کو فروغ دینے پرا تفاق کیا۔