امریکی باکس آفس پر فلم ’مُوانا‘ کا قبضہ برقرار

December 05, 2016

امریکی باکس آفس پر تھینکس گیونگ پر ریلیز ہونے والی تھری ڈی اینیمیٹڈ ایڈونچر مووی ’مُوانا‘ کا قبضہ برقرار ہے ۔

ایڈونچر سے بھرپور تھری ڈی اینی میٹیڈ میوزیکل فلم ’موانا‘ کی کہانی جہاز رانی کرنے والے خاندان کی ایک ایسی لڑکی کے بارے میں ہے جو دور دراز واقع ایک جزیرے کی تلاش میں خطرناک سفر کا آغاز کرتی ہے۔

اس سفر کے دوران اس کی ملاقات ایک بہادر نوجوان سے ہوتی ہے جو اس کی مدد کرتا ہے ۔فلم اس ہفتے مزید دو ارب 96 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب رہی ۔

ہیری پوٹر سیریز پر مشتمل نئی فلم "فنٹاسٹک بیسٹ اینڈ ویئر ٹو فائنڈ دیم" اس ہفتے ایک ارب 94 کروڑ روپے سمیٹ کر دوسرے نمبر پر رہی۔

فلم کی کہانی ہیری پوٹر کی پیدائش سے 70 برس پہلے کے دور پر مبنی ہے۔ جس میں ہیری پوٹر کے زمانے میں موجود جادوئی ہتھیاروں اور کتابوں کا ماضی دکھایا گیا ہے ۔

اور اس ویک اینڈ پر ریلیز ہونے والی فلم "ارائیول" 76 کروڑ روپے آمدنی کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی ۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ ایلینز کے درجن بھر خلائی جہاز زمین پر اتر آتے ہیں جو دنیا بھر میں دہشت کا باعث بن جاتے ہیں۔

اس فلم کا مرکزی کردار ایمی ایڈمز نے ادا کیا ہے جو ماہر لسانیات کی حیثیت سے کام کررہی ہوتی ہیں اور ایلینز سے انسانی رابطے میں مدد فراہم کرتی ہیں ۔