سوئٹزرلینڈ نے منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات تیز کر دیئے

December 08, 2016

کراچی (جنگ نیوز) سوئٹزرلینڈ نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات تیز کر دیئے ہیں لیکن اب بھی مالیاتی جرائم روکنے کیلئے قوانین کو سخت بنایا جا سکتا ہے۔ بین الحکومتی فنانشل ٹاسک فورس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی دور میں غیر قانونی دولت کیلئے محفوظ ٹھکانہ سمجھے جانے والے ملک سوئٹزرلینڈ نے مشترکہ بین الاقوامی کوششوں کے تحت منی لانڈرنگ اور فنانشل کرائم کی روک تھام کیلئے کئی اقدامات کیے ہیں۔ ٹاسک فورس کے مطابق، حکومت کے ان اقدا ما ت کی وجہ سے صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ ٹاسک فورس کا کہنا ہے کہ سوئٹزرلینڈ نے باہمی قانونی معاونت کیلئے اپنے بھرپور عزم کا اظہار کیا ہے اور جرائم کی روک تھام کیلئے وہ مشترکہ کوششوں میں معاونت کرتا رہے گا۔بتایا گیا ہے کہ سوئٹزرلینڈ نے ان ہی کوششوں کے سلسلے میں کئی اہم اور با اثر افراد اور کمپنیوں کے اثاثے منجمد کر دیئے ہیں جس کی مثال ملائیشیا کے سرکاری فنڈ ون ایم ڈی بی، فیفا اور برازیل کی سرکاری کمپنی پیٹرو براز کیخلاف کیے گئے اقدامات ہیں۔