تعلیمی کیریئر پر سوالات اور ان کے جوابات

December 08, 2016

س۔سر میں نے بی ایس آنرز فزکس کیا ہے اور جلد ہی پنجاب ا سکول ایجوکیشن ڈپیارٹمنٹ میں شمولیت اختیار کر لوں گا،ساتھ ہی ساتھ میں بی ایڈ بھی کر رہا ہوں،برائے کرم یہ بتائیں کہ ا سکول سسٹم میں آگے بڑھنے کے لئے مجھے ماسٹرز میں کن مضامین کا انتخاب کرنا چاہئے جو میرے کیریئر میں مددگار ثابت ہوں؟(یاسر یونس۔لاہور)
ج۔اگر آپ ٹیچنگ میں ہی اپنا کیریئر بنانا چاہتے ہیں تو میرا آپ کو یہ مشورہ ہے کہ آپ پہلے اپنا بی ایڈ مکمل کریں اور اُس کے بعد ایم اے ایجوکیشن مینجمنٹ میں کریں،ا س کے علاوہ میں یہ بھی تجویز کروں گا کہ آپ ایم فل فزکس میں کریں جس سے آپ کو فزکس ٹیچنگ کی جاب مل سکتی ہے اور آج کل فزکس ٹیچرز کی مانگ زیادہ ہے۔
س۔ سر مجھے اُمید ہے کہ آپ خیریت سے ہوں گے،میں نے نمل یونیورسٹی سے ماسٹرز انگلش لٹریچر اور لنگوسٹکس میں کیا ہے اور میرا سی جی پی اے 3.3 ہے،برائے کرم میری رہنمائی کریں اور مجھے یہ بتائیں کہ میں آگے مزید تعلیم جاری رکھوں یا جاب کروں؟ (اقراء کامران۔اسلام آباد)
ج۔انگلش لٹریچر اور لنگوسٹکس ایک اُبھرتا ہوا ایریا ہے اور اگر آپ پاکستان میں ہی کچھ کرنا چاہتی ہیں تو یہاں اس فیلڈ میں بے تحاشا مواقع موجود ہیں،انگلش لٹریچر اور لنگوسٹکس میں ریسرچ کے دیگر مواقع بیرون ملک بھی موجود ہیں جس میں آپ کو وظیفہ مل سکتا ہے،میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ آپ پر منحصر کرتا ہے کہ خواہ آپ بیرون ملک جانا چاہتی ہیں یا جاب کرنا چاہتی ہیں لیکن میرا مشورہ یہی ہے کہ آپ پہلے ٹیچنگ کا تجربہ حاصل کریں اور بعد میں مزید تعلیم کی طرف جائیں۔
س۔جناب عابدی صاحب میں آپ کے کالم شوق سے پڑھتا ہوں اور آپ کے مفید مشورے نہایت فائدہ مند ہیں،سر میرے بھائی نے میٹرک (سائنس) میں بلتستان کے ایک دیہی گاؤں سے 2014 میںکیا اور 57% نمبر حاصل کئے،جس کے بعد اُس کے دو سال ضائع ہوئے جس کی وجہ کچھ گھریلو پریشانیاں تھیں،اب وہ دوبارہ اپنی تعلیم جاری رکھنا چاہتا ہے،میری آپ سے مودبانہ گزارش ہے کہ آپ ہماری رہنمائی فرمائیں کہ آگے کیا کرنا چاہئے اور ساتھ ہی ساتھ یہ بھی بتائیں کہ کن مضامین کا انتخاب کرکے وہ آگے اپنا کیریئر بہتر بنا سکتا ہے؟ (حامد ندیم۔گلگت )
ج۔میں آپ کے بھائی کو یہ مشورہ دونگا کہ وہ ووکیشنل ٹریننگ پروگرام میں جائیں جو کہ ملک بھر میں ٹیکنیکل اور پولی ٹیکنگ اداروں میں کروایا جا رہا ہے،اور مجھے اُمید ہے کہ یہ ادارے گلگت بلتستان میں بھی موجود ہیں،آج کے دور میں ٹیکنیکل اسکلز کی بھرپور مانگ ہے اور آپ کے بھائی کو چاہئے کہ وہ ٹیکنیکل اداروں میں جائیں جو انہیں بہتر معلومات فراہم کریں گے۔
س۔سر میں بزٹیک یونیورسٹی کراچی سے بی ایس میکاٹرونکس کر رہا ہوںاور ابھی تک تین سمیسٹرز مکمل ہوئے ہیں جبکہ میرا اب تک کا سی جی پی اے 3.0 ہے،سر میں پی ایل سی اور گرافک اینمیشن میں ڈپلومہ کرنا چاہتا ہوں،برائے کرم مجھے ان کا اسکوپ بتائیں کیونکہ میںبہت پریشانی میں مبتلا ہوں۔ (عرفان تھیبو۔کراچی)
ج۔میرا آپ کو یہ مشورہ ہے کہ کسی بھی ڈپلومے کو کرنے سے پہلے آپ اپنا بی ایس مکمل کریں، میکاٹرونکس ایک اُبھرتا ہوا ایریا ہے اور اس میں رہ کر آپ کو انڈسٹری اور مینوفیکچرنگ پلانٹس پر کام کرنے کے بے تحاشا مواقع فراہم ہوں گے،اس لئےپہلے آپ کام کا تجربہ حاصل کریں اور پھر گرافک کا ڈپلومہ کریں جو آپ کو مستقبل میں کارآمد ثابت ہوگا۔

.