مصباح کافیصلہ ان کی مشاورت سے ہوگا، ٹیم میں تبدیلیاں ہوں گی، شہریارخان

January 11, 2017

کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کے مستقبل کا فیصلہ ان کی مشاورت سے کریں گے۔ٹیسٹ کپتان کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔مصباح کی پاکستان کرکٹ کے لئے جو خدمات ہیں ہم جلد بازی میں کسی نتیجے پر نہیں پہنچنا چاہتے۔تاہم آسٹریلیا کی سیریز کے بعد ٹیم میں تبدیلیاں ضرور ہوں گی۔وہ منگل کو نمائندہ جنگ کو لاہور سے ٹیلی فون پر انٹر ویو دے رہے تھے۔شہریار خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو شائقین کے جذبات کا احساس ہے۔ٹیم نے خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔لیکن کسی نتیجے پر پہنچنے سے قبل مصباح کو بھی سننا چاہتے ہیں۔چیئر مین کی حیثیت سے کپتان کی تبدیلی میرا استحقاق ہے اور میں اس بارے میں اپنے اختیارات کا ستعمال سوچ سمجھ کر کروں گا۔جلد بازی میں کچھ نہیں کرنا چاہتے۔شہر یار خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لئے مصباح الحق کی خدمات سب کے سامنے ہے۔انگلینڈ میں مصباح الحق نے ٹیسٹ سیریز برا بر کی اور اسی کی کپتانی میں پاکستان ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں نمبر ایک بنی۔مصباح چار پانچ دن بعد لاہور آرہے ہیں انہیںبلاکر شکست کی وجوہات جانیں گے اور پوچھیں گے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ جاری رکھنا چاہتے ہیں یا نہیں،پھر ان کو پی سی بی کا پلان بھی بتائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2016میں پاکستان ٹیم نے بارہ ٹیسٹ کھیلے ہیں۔جس دن سے مکی آرتھر کوچ بنے ہیں وہ مسلسل دوروں پر ہیں۔انہوں نےا پنی رپورٹ میں کہا ہے کہ وہ پاکستان آکر کامران اکمل،احمد شہزاداور سلمان بٹ کو دیکھنا چاہتے ہیں۔چوں کہ انہیں ڈومیسٹک کرکٹ دیکھنے کا موقع نہیں ملا ہے اس لئے وہ چاہتے ہیں کہ ان کرکٹرز کو دیکھ کر کسی نتیجے پر پہنچیں۔ذرائع کا کہنا ہےسلیکٹرز نے آسٹریلیا کی سیریز کے بعد پاکستان ٹیم میں تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انضمام الحق آسٹریلیا کی سیریز تک ٹیم انتظامیہ کی رائے کو اہمیت دیتے رہے۔لیکن سیریز کے بعد وہ کنٹرول خود سنبھالنا چاہتے ہیں امکان ہے کہ کئی ناکام کھلاڑیوں کو رخصت کردیا جائے گا۔