پی پی کے لیڈروں نے جمہوریت کیلے قربانیاں دی ہیں، زاہد بشیر

January 11, 2017

برسلز (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی بلجیم کے سینئر رہنمائوں ملک اجمل اور رانا مصرف نے پیپلز پارٹی سیالکوٹ کے سابق سٹی صدر زاہد بشیر جو ان دنوں یورپ کے دورے پر برسلز میں ہیں،کے اعزاز میں پُرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر زاہد بشیر نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور اس امر کا اظہار کیا کہ بلاول زرداری بھٹو پارٹی چیئرمین منتخب ہوئے ہیں تاکہ پیپلز پارٹی کی نوجوان قیادت پاکستان کی باگ ڈور سنبھال کر پاکستان کو مستحکم بنیادوں پر مضبوط کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ اٹھاکر دیکھیں پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے قربانیاں دے کر ملک کے اندر جمہوریت کو فروغ دیا اور پسے ہوئے اور مزدور طبقوں کے حقوق کے حصول کے لیے کاوشیں کیں اور ملک میں اسلامی انقلاب برپا کرنے کے لیے ایشیا کے مسلمان ممالک کو اکٹھا کیا۔ مگر صہیونی طاقتوں اور سازشی عناصر نے بھٹو کے خلاف جال بچھا کر انہیں تختہ دار تک پہنچا دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم کو جاگنے کی ضرورت ہے، تاکہ وہ ان ظالموں کے خلاف ڈٹ کر ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچنے سے بچائیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے سینئر رہنما ملک اجمل نے کہا کہ بھٹو ایک امید کا نام ہے۔ جنہوں نے پاکستان کی دبی آواز کو نمایاں کیا۔ سینئر رہنما رانا مصرف نے کہا کہ ہمیں پارٹی قوانین اور قواعد و ضوابط کے ساتھ بھٹو کے نظریے کی روشنی میں سیاست کرتے ہوئے ملکی سالمیت اور خوشحالی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی پاکستان سمیت اوورسیز میں تنظیم سازی کا سلسلہ دوبارہ شروع کرے۔