لاہور،غیرمعیاری اسٹنٹ اسکینڈل، ’جیونیوز‘کی رپورٹ پر کھلبلی

January 14, 2017

لاہور میں دل کے مریضوں کو غیرمعیاری اسٹنٹ ڈالنے کے اسکینڈل سے متعلق ’جیو نیوز‘ کی رپورٹ پر کھلبلی مچ گئی، حکومت پنجاب نےانکوائری کے لیے ایک روز قبل اپنی ہی بنائی کمیٹی ختم کر کے نئی کمیٹی بنا دی۔

نئی کمیٹی کے ایک رکن پراسٹنٹ اسکینڈل میں ملوث ہونے کے الزام میں انکوائری کھلنے کا انکشاف بھی سامنے آ گیا۔

دل کے مریضوں میں جعلی اسٹنٹ ڈالنے کا اسکینڈل ایف آئی اے اور محکمہ صحت پنجاب کی مشترکہ کارروائی میں سامنے آیا تھا، ایف آئی اے کا ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر دل کا مریض بن کر میؤ اسپتال گیا،اسٹنٹ ڈلوانے کی بات کی تو جعلی اسٹنٹ کا اسکینڈل سامنے آنے پر پروفیسر انجم کی سربراہی میں کمیٹی بنادی گئی۔

’جیو نیوز‘ نے انکشاف کیا ہے کہ کمیٹی کے ایک رکن کے اسکینڈل میں ملوث ہونے کی تحقیقات کی جارہی ہے جس پر حکومت نے نئی کمیٹی تشکیل دیدی، جس میں پروفیسر اظہر کیانی، پروفیسر ندیم حیات ملک، پروفیسر ڈاکٹر ثاقب شفیع کے علاوہ پروفیسر انجم جلال بھی شامل ہیں۔

یہ بھی بتاتے چلیں کہ جس اسپتال کا یہ اسکینڈل سامنے آیا ہے،اسی اسپتال کے امراض دل کے سربراہ ڈاکٹر شفیع کو بھی کمیٹی میں شامل کرلیاگیا ہے۔

ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق دل کے مریضوں کو جعلی اسٹنٹ بیچنے والے سفاک گروہ میں کچھ ڈاکٹرز کے شامل ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں،جبکہ نئی کمیٹی کےایک رکن پربھی اس دھندے میں شامل ہونے کے شکوک و شبہات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔