وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کا دائرہ وسیع کرنے کیلئے حکمت عملی تیار

January 16, 2017

اسلام آباد ( محمد صالح ظافر/ خصوصی تجزیہ نگار) وزیراعظم نواز شریف ماہ رواں کے تیسرے ہفتے سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کو شروع کرنے کے سلسلے میں ملک گیر دورے کرینگے جن میں نہ صرف پایہ تکمیل کو پہنچنے والے منصوبوں کا افتتاح کیا جائے گا بلکہ نئے منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ حد درجہ قابل اعتماد ذرائع نے ’’ جنگ ‘‘ کے خصوصی سنٹرل رپورٹنگ سیل کو بتایا ہے کہ وزیراعظم کے صحت کے قومی پروگرام کے دائرے کو وسیع کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے اور سال رواں کے دوران پنجاب اور بلوچستان کے تمام پسماندہ اضلاع کو اس پروگرام کی چھتری کے نیچے لے آیا جائے گا۔ وفاقی حکومت کو اس امر پر گہری تشویش ہے کہ خیبر پختونخوا اور سندھ کی صوبائی حکومتوں نے بار بار کی یاد دہانیوں کے باوجود اس پروگرام کو اپنے پسماندہ علاقوں میں شروع کرنے کیلئے اپنی مزاحمت ترک کرنے پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں اس پروگرام کی کامیابی حد درجہ حوصلہ افزا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ ماہ سے اس کا دائرہ قبائلی علاقوں تک بھی پھیلا دیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے اس پروگرام کو جسے مربوط بنانے اور اس کی پیش رفت کیلئے مریم نواز شریف کو اعزازی ذمہ داریاں تفویض کی تھیں اس میں ہونے والے کام پر نہ صرف مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے بلکہ دیگر ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کیلئے اسے رول ماڈل قرار دیا ہے ۔ انہوں نے شاہرات اور رابطہ سڑکوں کی تعمیر کو بھی یکساں طور پر اہمیت دینے کی ہدایت جاری کی ہے ماہ رواں کے آخر میں چین پاکستان اقتصادی راہداری پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور اختتام سال تک اسکے مختلف منصوبوں کی تکمیل کے امکانات کا جائزہ لینے کی غرض سے کوئٹہ میں وسیع پیمانے کا اجلاس بھی طلب کرنے کی ہدایت کی ہے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شریک کیاجائے گا ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اقتصادی راہداری کے سلسلے میں نئے منصوبوں کیلئے بلیو پرنٹ بھی ماہ رواں میں تیار ہو جائیں گے جن کے بارے میں چین کے دارالحکومت بیچنگ میں مشترکہ کمیٹی کے اجلاس میں مفاہمت طے پائی تھی اور اسی اجلاس میں اقتصادی راہداری پر سرمایہ کاری چھیالیس سے ساٹھ ارب تک لیجانے کی منظوری دی گئی تھی۔