پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے ، قمر الزمان کائرہ

January 16, 2017

گکھڑ منڈی ،جلالپورجٹاں،ملکوال(نامہ نگاران) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر سابق وفاقی وزیر قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے، ہماری قیادت جمہوری نظام کو ڈی ریل نہیں ہونے دینا چاہتی ، مخالفینمنفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف جو احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے وہ با لکل واضح ہے پیپلز پارٹی کے مخالفین اس بارے میں منفی پرو پیگنڈہ کر رہے ہیں وہ گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ قمر الزمان کائرہ نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی پار لیمینٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے بھی بیرون ملک سے پاکستان آمد کے موقع پر موجودہ حکومت کے خلاف واضح اور دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حکومت نے جمہوریت کا ستیا ناس کر دیا ہے اور وہ پارلیمنٹ پہنچ کر اپوزیشن کو متحد کر کے موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف بھر پور احتجاج کریں گے اس بیان کے بعد ہم پر فرینڈلی اپوزیشن کی طعنے بازی درست نہیں ہے ۔انہوں کہا کہ ہماری قیادت کسی بھی صورت جمہوری نظام کو ڈی ریل نہیں ہونے دینا چاہتی اسی لیے موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف پارلیمنٹ میں بھر پور کردار ادا کرے گی انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تنظیم نو کے عمل میں میرٹ پر عہدیداروں کا چناؤ ہو گا اور عملی جدو جہد کرنے والے کارکن اور عہدیدار تنظیم میں آئیں گے ۔جلالپورجٹاں کے ایک وفد سے ملاقات میں قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو انصاف نہیں ملتا شاید عمران خان کو مل جائے ،لاہور سے فیصل آباد تک ریلی ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے اگر ہم نے ٹارگٹ حاصل کر لیا تو پھر پنجاب میں ہم پرانی پوزیشن پر آجائیں گے ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے ۔دریں اثنا ملکوال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قمرالزمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان کے اسلام آباد لاک ڈاؤن اور پھر ناکامی نے اپوزیشن کو کمزور جبکہ حکومت کو مضبوط کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاناما کیس کے متعلق رات کو ہمارے ساتھ اسمبلی میں بل لانے کا فیصلہ کیا لیکن اگلے دن انہوں نے اکیلے ہی تحریک چلانے اورمعاملہ سپریم کورٹ لے جانے کا اعلان کر دیا عمران خان بہت تیز دوڑتے ہیں لیکن اس باوجود وہ آج بھی وہیں کھڑے ہیں۔