بی ٹی نے لاکھوں پریشان کن کالز بلاک کرنے کیلئے سروس متعارف کرادی

January 16, 2017

لندن (جنگ نیوز) برٹش ٹیلی کام نے ایک نئی سروس متعارف کرادی ہے جس کا مقصد ہر ہفتہ30ملین تکلیف دہ فون کالز کو اپنی منزل تک پہنچنے سے قبل ہی بلاک کیا جاسکے گا۔ دی کال پروٹیکٹ سروس بی ٹی کے آسولیسٹری، شروپ شائر سینٹر پر ایک ٹیم کے زیر نگرانی کام کرے گی جو بلاوجہ پریشان کرنے کے لیے کی جانے والی کالز جوکہ عمومی طور پر غیر معمولی تعداد میں کی جاتی ہیں۔ ان کے لائیو ڈیٹا کا تجزیہ کرکے ان کی شناخت اور انہیں بلیک لسٹ کی فہرست میں شامل کردے گی۔ بی ٹی کے کسٹمرز کو مفت دستیاب ہونے والی یہ سروس ایسی کالز کو منزل تک پہنچے سے قبل ہی ان کا رخ موڑ دے گی۔ صارفین کال موصول ہونے کے بعد یا آن لائن جاکر1572ڈائل کرکے غیر ضروری انفرادی نمبروں کو اپنی ذاتی بلیک لسٹ میں شامل کرسکیں گے۔ کسٹمرز کو بڑی تعداد میں پریشان کن کالز کرنے والوں کو سناخت کرکے بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔ بی ٹی کی جانب سے کیے گئے ایک سروے کے مطابق لوگوں کو ہر ہفتے اوسطاً چار پریشان کن کالز موصول ہوتی ہیں جن میں سے60فیصد ذہنی دبائو کا سبب بنتی ہیں۔ بی ٹی کے چیف ایگزیکٹو جان پیٹر نے کہا ہے کہ ہم اپنے کسٹمرز کو ایسی سہولیات سے مستفید کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں جب وہ بڑی تعداد میں پی پی آئی اور غیر ضروری مارکیٹنگ کالز سے خود کو بچاسکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب اپنی منفرد ٹیکنالوجی کے باعث ہم نیٹ ورک میں بڑی تعداد میں ایسی کالز کو شناخت اور اپنے کسٹمرز کو موصول ہونے والی کالز کو کنٹرول کرنے کی سہولت فراہم کررہے ہیں۔