چین پاکستان کی براہ راست مالی مدد کرنیوالا بڑا ملک بن گیا

January 24, 2017

اسلام آباد(مہتاب حیدر) پاکستان کو موصول ہونیوالی براہ راست یاعالمی اداروں کے ذریعے بیرونی مالی امداد3ارب93کروڑ ڈالر میں سب سے زیادہ چین کی طر ف سے براہ راست موصولی ہوئی۔ چین نے رواں مالی سال کے آخری6ماہ جولائی سے دسمبر تک 84کروڑ 70لاکھ ڈالر دیئے۔ حکومت پاکستان نے کمرشل بینکوں کی کنسور شیم سے بھی قرضے حاصل کیے رواں مالی سال کے آخری6ماہ کے دوران وزارت خزانہ نے 90کروڑ ڈالر ان بینکوں سے حاصل کیے۔ حالیہ برسوں میں سی پیک منصوبہ کے بعد چین پاکستان کو براہ راست مالی مدد کرنے والا سب سے بڑا ملک بن گیا۔ چین نے پاکستان میں توانائی اور انفراسٹرکچر کے متعدد بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔ات میں سے بیشتر منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے اور چین نے ان منصوبوں کیلئے براہ راست سرمایہ کاری بھی کی ہے اوران کی تکمیل کے لیے قرضے بھی دیئے ہیں۔ وزارت خزانہ، سٹیٹ ینک آف پاکستان اوردیگر متعلقہ ادارے اس امر پر غور کر رہے ہیں کہ چین کی طرف سے آنے والے سرمایہ کو بطور سرمایہ کاری دیکھا جائے گا یا یہ قرضے کے طور پر وصول ہو رہے ہیں۔ اس پر تو غور جاری ہے تاہم یہ ایک طے شدہ امر ہے کہ مذکورہ سرمایہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ہے اور اس سرمایہ کاری کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ اکنامک افیئر ڈویژن کے اعداد وشمار کے مطابق پاکستان نے رواں مالی سال کے آخری 6ماہ کے دوران مجموعی طور پر 4ارب 10کروڑ ڈالر بطور قرضہ اور 17کروڑ20لاکھ ڈالر بطور امداد وصول کیے۔ پاکستان نے دسمبر 2016ء میں 92 کروڑ90لاکھ ڈالر وصول کیے جن میں سب سے زیادہ چین کی طرف سے موصول ہوئے۔ چین نے مذکورہ عرصے میں 36لاکھ ڈالر دیئے۔ رواںمالی سال کےابتدائی 6ماہ کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک نے67کروڑ60لاکھ ڈالر کا قرضہ دیا۔ منیلا میں قائم مالی ادارے نے دسمبر 2016ء میں 47کروڑ 40لاکھ ڈالر دیئے۔ رواں مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران جرمن نے 17لاکھ 20ہزار ڈالر، اٹلی نے ایک کروڑ10لاکھ اور جاپان نے 4کروڑ20لاکھ ڈالر دیئے۔ عالمی بینک نے مذکورہ عرصہ کے دوران12کروڑ70لاکھ ڈالردیئے۔اسلامک ڈویلپمنٹ بینک نے 3کروڑ10 لاکھ ڈالر دیئے۔ایشیائی ڈویلپمنٹ بینک نے مختصر مدت کیلئے 21کروڑ20لاکھ ڈالر کا قرضہ دیا۔ کویت نے رواں مالی سال کے دران 58لاکھ ڈالر کی مالی مدد کی۔ حکومت نے پرائز بانڈ کے ذریعے مذکورہ عرصہ میں ایک ارب ڈالر حاصل کیے۔ کمرشل بینکوں سے حکومت نے 90کروڑ ڈالر حاصل کیے۔