منصوبوں سے آگاہ، بھارت سی پیک کی کھل کر مخالفت کررہا ہے، پاکستان

February 17, 2017

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے بارے میں بھارت کے منفی عزائم سے پوری طرح باخبر ہیں، بھارت سی پیک کی کھل کر مخالفت کر رہا ہے اور سی پیک کو سبوتاژ کرنے کے بھارتی منصوبوں سے بخوبی آگاہ ہیں،کلبھوشن یادیو نے بھی بیان میں سی پیک کوسبوتاژ کرنے کی کوشش کااعتراف کیا تھا،پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات میں افغانستان کی سرزمین استعمال ہو رہی ہے جماعت الاحرار کی افغانستان میں سرگرمیوں کے بارے میں افغان حکومت کو پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر مظالم اور حریت قیادت کی نظربندی کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان نے اس ریاستی دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے جمعرات کو اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں میڈیا کے سوالوں کے جواب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے بڑی تعداد میں پاکستانیوں کو بیدخل کرنے کی خبریں صحیح تناظر میں پیش نہیں کی جارہیں جبکہ تعداد کے حوالے سے بھی مبالغہ آرائی سے کام لیا جارہا ہے۔ سعودی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پاکستانی جن میں قیام کی مدت ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی قیام، منشیات کی سمگلنگ سمیت بعض دیگر الزامات شامل ہیں ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور ایسے افراد میں صرف پاکستانی نہیں بلکہ سعودی عرب میں مقیم دیگر ممالک کے لوگ بھی شامل ہیں تاہم پاکستانی سفارتخانے کے حکام اس سارے معاملے سے پوری طرح باخبر ہے اور سعودی حکام بھی اس ضمن میں تعاون کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان اور چین دو نوں ملکوں کا مشترکہ منصوبہ ہے تاہم اس کے ثمرات سے پورے خطے کے لوگ استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اس منصوبے کو سبوتاژ کرنے کے عزائم سے پاکستان پوری طرح آگاہ ہےبالخصوص کلبھوشن یادیو کے اعترافی بیانات ان عزائم کا واضح ثبوت ہیں ۔اس بارے میں کئے گئے ایک سوال کے جواب میں نفیس زکریا نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں کسی دوسرے ملک کی شمولیت یا اس حوالے سے کئے جانے والے فیصلوں کے بارے میں پاکستان اور چین دونوں ملک ہی مجاز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اسلحے کی غیر معمولی خریداری خطے میں عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہے بھارت کے جوہری پروگرام اور تنصیبات میں اضافہ بھی خطے میں عدم توازن کا باعث بن رہا ہے۔ بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم لاہور میں دہشت گردوں کے حملے، پشاور میں ججوں کی گاڑی پر حملے، کوئٹہ میں بم ڈسپوزل سکواڈ کے عملے کی شہادت اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 3 بہادر پاکستانی فوجیوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم امن و امان قائم کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جو ہمارے لئے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔ ہم ان حملوں میں عام شہریوں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور ان کی مغفرت کیلئے دعا گو ہیں۔ ان دہشت گردانہ حملوں کے پیچھے جو بھی موجود ہیں انہیں یہ معلوم ہونا چاہئے کہ ہماری بہادر قوم کو اس طرح کے اقدامات سے نہیں روکا جا سکتا۔ اس طرح کے واقعات ہمارے دشمنوں اور انسانیت کے دشمنوں اور دہشت گردی سے نمٹنے کے حوالے سے ہمارے عزم کو اور مضبوط کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں مسلسل ریاستی دہشت گردی کر رہی ہیں۔ کلگام میں ایک گھر کو دھماکہ خیز مواد سے اڑایا گیا جہاں 6 کشمیری شہید ہو گئے۔ اسی طرح سے پرامن شہریوں پر فائرنگ کر کے اور پیلٹ گن کے استعمال کے ذریعے 30 شہریوں کو احتجاجی کے دوران زخمی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک سمیت تمام حریت قیادت کو قید کر کے معصوم کشمیریوں سے احتجاج کا حق چھین لیا گیا ہے۔ اسی طرح سے دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی اور ان کی معاون فہمیدہ صوفی مسلسل اپنے گھر میں نظربند ہیں۔ کشمیری عوام کو مسلسل جمعہ کی نماز کی ادائیگی سے روکا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں شدید طور پر قابل مذمت ہیں۔ بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانیت کے خلاف جرائم کو روکنے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالنا چاہئے۔ پاکستان کشمیریوں کی جائز حق خودارادیت کے حصول کی تحریک میں ان کی حمایت کرنے کے حوالے سے پرعزم ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی بھی خلاف ورزی کر رہا ہے جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ پاکستان نے بارہا بھارت کے ساتھ احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔