مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم کے خلاف احتجاج جاری ، وادی بھر میں مظاہرے

February 17, 2017

سرینگر ( جنگ نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کولگام میں بے گناہ کشمیریوں کے حالیہ قتل کے خلاف حریت رہنمائوں اور کارکنوں نے سرینگر میں ایک احتجاجی ریلی نکالی، کل جماعتی حریت کانفرنس ، میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم اور جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں اور کارکنوں کے علاوہ شہریو ں کی ایک بڑی تعداد نے جامع مسجد سے احتجاجی ریلی نکالی، بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے خواجہ بازار کے نزدیک مارچ کے شرکا ءپر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا اور انہیں آگے بڑھنے سے روکا۔ ریلی میں غلام نبی زکی، مشتاق احمد صوفی، شیخ عبدالرشید، محمد یاسین بٹ، محمد شفیع لون، محمد شفیع خان، غلام حسن میر، جعفر کشمیری اور دیگر شریک تھے۔ کرالہ گنڈ میں نوجوانوں کے قتل کیخلاف علاقے میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ تمام دکانیں، کاروباری مراکز بند اور سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔ نوجوانوں کے قتل کیخلاف علاقے میں احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ۔ مظاہرین نے بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ علاوہ ازیںاطلاعات کے مطابق ضلع سامبا میں بھارتی فوج کے ایک اہلکار نے خود کشی کر لی۔ حوالدار کرشن سنگھ نے ضلع کے علاقے مہیش ور میں اپنی سروس رائفل سے گردن میں گولی مار دی جس کے باعث وہ موقع پرہلاک ہو گیا۔ خود کشی کے اس تازہ واقعہ سے جنوری 2007سے مقبوضہ علاقے میں خود کشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکار وں کی تعداد بڑھ کر 377ہو گئی۔