پی ایس ایل کا جنون،کرکٹرز کی بیگمات بھی سوشل میڈیا پرمتحرک

February 22, 2017

دبئی(نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ کے مقابلے اس قدر دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں کہ کرکٹرز کی بیگمات بھی سوشل میڈیا پر متحرک ہوگئی ہیں۔لاہور قلندر کے خلاف امپائر احمد شہاب نے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کو غلط آوٹ دیا تو سوشل میڈیا پر امپائر کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ایک ٹوئٹ کو مصباح کی اہلیہ عظمی نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس میں کہا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ میں امپائرنگ خراب نہیں واجبی سی ہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے کھیلنے والے فاسٹ بولر وہاب ریاض کی اہلیہ نے ٹویٹ کیا کیا دلچسپ مقابلہ تھا۔ لاہور قلندرز مبارک ہو۔ اب پاکستان سپر لیگ میں کوئی بھی ٹیم آگے بڑھ سکتی ہے اور فائنل تک پہنچ سکتی ہے۔اس ٹویٹ کے جواب میں وہاب ریاض نے ٹویٹ کیا ۔ باقی ٹیموں کی فکر چھوڑو پشاور زلمی کی فکر کرو۔ آپ کو پشاورزلمی کو سپورٹ کرنا ہو گا ورنہ لاہور صرف تین گھنٹے دور ہے۔ وہاب ریاض کی ٹویٹ کے جواب میں ان کی اہلیہ نے ٹویٹ کیا۔ میں پشاور زلمی ہی کو سپورٹ کر رہی ہوں۔ ویسے بھی آخر میں جیت تو پاکستان ہی کی ہونی ہے۔ اور ویسے بھی آپ میری فکر نہیں کریں۔ بس آخری دو میچوں میں جیت کو یقینی بنائیں ورنہ آپ کو لاہور مجھ سے پہلے ہی واپس جانا پڑے گا۔