غیرملکی کرکٹر خصوصی طیارے سے لاہور،بذریعہ ہیلی کاپٹراسٹیڈیم پہنچیں گے

February 22, 2017

دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ فائنل کے لئے غیر ملکی کرکٹرز کو کمرشل پرواز کے بجائے خصوصی طیارے کے ذریعے دبئی سے لاہور پہنچایا جائے گا۔ لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے ہوٹل تک ہیلی کاپٹر میں سفر کریں گے۔ پاکستان سپر لیگ کے حکام نے دبئی میں فرنچائز مالکان کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو غیر معمولی سیکیورٹی فراہم کرنے کے حوالے سے بھی بریف کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی نے فرنچائز مالکان کو بتایا کہ غیر ملکی کرکٹرز کو غیر ملکی سربراہوں کے مساوی سیکیورٹی دی جائے گی۔ پاک فوج براہ راست سیکیورٹی کی ذمے داری سنبھالے گی۔ ہوٹل سے قذافی اسٹیڈیم تک جانے والے راستے پر سخت ترین سیکیورٹی ہوگی اور اس روٹ کر عام ٹریفک کیلیے بند کر دیا جائے گا جبکہ راستے میں آنے والی تمام اہم عمارتوں پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے ۔ فائنل میچ کیلیے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ اسٹیڈیم اور اطراف کی سڑکوں کو فائنل سے کئی گھنٹے پہلے سیل کردیا جائے گا۔ ان سڑکوں پر عام لوگوں اور گاڑیوں کا داخلہ منع ہوگا۔ اسٹیکر والی گاڑیاں اور خصوصی پاس کے حامل افراد ان سڑکوں پر سفر کرسکیں گے۔ پی ایس ایل کے حکام براہ راست وزارت داخلہ سے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے رابطے میں ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کوبھی فائنل کے حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائے گا، سیکیورٹی سے متعلق تمام انٹیلی جنس اداروں سے رپورٹ کو رپورٹس مرتب کرا کے جمع کرانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔