بلوچستان کے16اضلاع میں انسداد پولیو مہم

February 27, 2017

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے16اضلاع میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگئی،جس کے لئے 6ہزار سے زائد ٹیم بناکر 17لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے انسداد پولیو بلوچستان کےمطابق انسداد پولیو مہم کوئٹہ کےعلاوہ چاغی،ڈیرہ بگٹی،جعفر آباد،جھل مگسی،قلعہ عبداللہ اورقلعہ سیف اللہ ،خضدار،لسبیلہ ،لوارالائی ، مستونگ ،نصیرآباد ،نوشکی ،پشین،شیرانی اور ژوب میں چلائی جارہی ہے، مہم میں ان اضلاع کی مجموعی طور پر 376یونین کونسلز کور کی جائیں گی۔

کوآرڈی نیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹرسید فیصل احمد کےمطابق مہم کےلئےمجموعی طورپر6 ہزار540ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ، مہم کے دوران 17 لاکھ37 ہزار 264 سے زائد بچوں کو پولیوسےبچاؤ کے قطرےپلانےکاہدف مقررکیاگیاہے۔

مہم کے لئے سکیورٹی سمیت تمام ضروری انتظامات کئے گئے ہیں،اس حوالے سے پولیس کےعلاوہ بلوچستان کانسٹبلری اورلیویز اور ایف سی کےاہلکار بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔